روہت شرما ٹی20 کے بعد بھارتی ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان مقرر
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی20 کے بعد ون ڈے کرکٹ میں بھی ویرات کوہلی کی جگہ روہت شرما کو بھارتی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے البتہ ٹیسٹ کرکٹ میں کوہلی ہی کپتان رہیں گے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیاکہ سلیکشن کمیٹی نے روہت شرما کو ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: کوہلی کا ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان
ویرات کوہلی نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور عالمی ایونٹ کے بعد بورڈ نے روہت کو ان کا جانشین بنانے کا اعلان کیا تھا۔
2007 میں بھارت کے لیے ڈیبیو کرنے والے روہت شرما اپنے جارحانہ کھیل اور انڈین پریمیئر لیگ میں شاندار انداز قیادت کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
انہیں ابتدائی طور پر صرف محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے بھارتی ٹیم کا حصہ بنایاگیا تھا لیکن 2013 میں وہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔
’ہٹ مین‘ کے نام سے مشہور جارح مزاج بلے باز نے آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی بہترین انداز میں قیادت کی اور ان کی قیادت میں ٹیم پانچ مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
بورڈ نے دو فارمیٹس میں قیادت سونپنے کے ساتھ ساتھ اجنکیا راہانے کی جگہ روہت کو ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان بھی مقرر کردیا ہے۔
دوسری جانب ویرات کوہلی رائل چیلنجر بنگلور کی قیادت سے بھی استعفیٰ دے چکے ہیں کیونکہ آج تک فرنچائز ایک بھی ایونٹ میں چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہلی کی جگہ روہت شرما بھارت کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان
روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب بھارتی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہونے والی ہے اور مہمان ٹیم افریقی سرزمین پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے تین ٹیسٹ میچز کھیلنے کے ساتھ ساتھ تین ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی اور ایونٹ کے لیے فیورٹ تصور کی جانے والی میزبان ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم کسی بھی فارمیٹ میں آئی سی سی ٹرافی جیتنے سے محروم رہی ہے۔