• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا کی نئی قسم کے خلاف فائزر ویکسین کے بوسٹر ڈوز کی افادیت کا ابتدائی ڈیٹا جاری

شائع December 8, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

فائزر اور بائیو این ٹیک نے اپنی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین کی کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف افادیت کا ابتدائی ڈیٹا جاری کردیا ہے۔

دونوں کمپنیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی لیبارٹری تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین کی تیسری خوراک اومیکرون قسم کو ناکارہ بناسکتی ہے۔

کمپنیوں کو توقع ہے کہ ابتدائی نتائج سے دنیا بھر میں بوسٹر ڈوز فراہم کرنے کی مہمات میں تیزی آئے گی۔

بیان میں بتایا گیا کہ موجودہ ویکسین کی تیسری خوراک سے وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں 25 گنا اضافہ ہوتا ہے۔

اس سے لوگوں کو اومیکرون کے خلاف وائرس کی اصل اور دیگر اقسام جتنا ہی تحفظ ملتا ہے۔

کمپنیوں کے مطابق ٹی سیلز بھی اومیکرون سے متاثر ہونے پر بیماری کی سنگین شدت سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

مگر ان نتائج کے باوجود دونوں کمپنیوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ اومیکرون کے خلاف ویکسین کے مخصوص ورژن کو مارچ 2022 تک تیار کرلیا جائے گا۔

اس تحقیق میں فائزر ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے افراد کے بلڈ پلازما کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے افراد میں اومیکرون کے خلاف وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں اصل وائرس کے مقابلے میں 25 گنا کمی آئی۔

یہ نتائج اومیکرون کے خلاف ابتدائی ڈیٹا کی سیریز کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل 7 دسمبر کو افریقہ ہیلتھ ریسرچ انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون ویکسینیز اور قدرتی بیماری سے ملنے والے تحفظ پر جزوی حد تک اثرانداز ہوسکتی ہے۔

تحقیق میں یہ عندیہ بھی دیا گیا کہ کورونا کی یہ نئی قسم کا مدافعتی نظام سے مکمل طور پر نہیں بچ پاتی، جس کا مطلب یہ ہے کہ ویکسینز کے استعمال کے بعد وقت گزرنے سے تحفظ میں آنے والی کمی کو اینٹی باڈیز بڑھا کر بحال کیا جاسکتا ہے۔

محققین نے کہا کہ اس حوالے سے کلینکل نتیجہ کی تصدیق ہونا باقی ہے مگر نتائج سے اس خیال کو ٹھوس تقویت ملتی ہے کہ بوسٹر ویکسینیشن اومیکرون سے تحفظ کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔

فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا نے بتایا کہ ابتدائی ڈیٹا سے واضح ہوتا ہے کہ ویکسین کی تیسری خوراک سے بیماری کے خلاف تحفظ میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

بائیو این ٹیک کے سی ای او ایغور شاہین نے کہا کہ تیسری خوراک کے ابتدائی ڈیٹا سے ثابت ہوتا ہے کہ اس سے بیماری کے خلاف مناسب تحفظ مل سکتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ ڈیٹا ابتدائی ہے اور دونوں کمپنیوں کی جانب سے کورونا کی اس نئی قسم پر تحقیق کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ایسا بھی ممکن ہے کہ ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے افراد کو بھی اومیکرون قسم سے ہونے والی بیماری کی سنگین شدت سے تحفظ مل سکتا ہے، جس کی وجہ مدافعتی نظام کا وہ حصہ ہے جسے ٹی سیلز ہے جو وائرس کی اقسام میں ہونے والی میوٹیشنز سے متاثر نہیں ہوتا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024