• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

الیکشن کمیشن کا وزیراعظم کے دورۂ پشاور کا نوٹس، کارروائی کا انتباہ

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو انتخابات کے پیشِ نظر پشاور کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے—تصویر: فیس بک
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو انتخابات کے پیشِ نظر پشاور کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے—تصویر: فیس بک

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ پشاور کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنے کا کہا ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔

ریجنل الیکشن کمشنر پشاور کی جانب سے ارسال کردہ خط میں کہا گیا کہ ’8 دسمبر 2021 کے روزنامہ ڈان سے معلوم ہوا کہ آپ آج پاکستان کارڈ کے اجرا کے لیے پشاور کا دورہ کرنے والے ہیں‘

کمیشن کا کہنا تھا کہ ’اس سلسلے میں آپ کی توجہ الیکشن کمیشن کی 4 نومبر کو جاری کردہ ہدایات کی جانب مبذول کرائی جارہی ہے جس میں الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ کرنے یا کسی اسکیم کا اعلان کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی‘۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

—ای سی پی کے مراسلے کا عکس
—ای سی پی کے مراسلے کا عکس

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد صدر، وزیراعظم، گورنر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، کسی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر، وفاقی اور صوبائی وزرا، وزیراعظم کے مشیران، وزیر اعلیٰ یا کوئی سرکاری عہدیدار کسی ترقیاتی اسکیم کے اعلان کے لیے کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کی مہم چلائے گا‘۔

ساتھ ہی یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ’اگر کوئی عہدیدار اس ضلع کا رہائشی ہو جہاں انتخاب ہورہا ہو تو وہ ضلع کادورہ کرسکتا ہے لیکن کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتا‘۔

خط میں کمیشن نے کہا کہ ’مذکورہ بالا صورتحال کے تحت آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کسی شق کی خلاف ورزی نہ کریں‘۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی مہم زور و شور سے جاری

ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی ’خلاف ورزی کرنے پر آپ کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 233-234 کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے‘۔

وزیر اعظم پشاور میں کسی انتخابی یا عوامی اجتماع میں شرکت نہیں کر رہے، کامران بنگش

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ پشاور پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ پشاور خالصتاً سرکاری نوعیت کا ہے، یہ روزمره امور مملکت کا حصہ ہے جس پر کوئی پابندی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صرف گورنر ہاؤس کی ایک سرکاری تقریب میں شریک ہوں گے، وہ دورہ پشاور میں کسی انتخابی یا عوامی اجتماع میں شرکت نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جس کا دلی احترام کرتے ہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات صرف خیبر پختونخوا کے چند اضلاع میں ہو رہے ہیں

خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بلدیاتی اداروں کے دو درجوں کے لیے پولنگ 19 دسمبر کو ہوگی، جبکہ باقی 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔

جن اضلاع میں 19 دسمبر کو انتخابات ہوں گے ان میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، مردان، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کارڈ کے اجرا کے لیے 8 دسمبر کو پشاور کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مسترد

اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کارڈ وزیراعظم کے اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ چونکہ صحت کارڈ خیبرپختونخوا سے متعارف کروایا گیا تھا اس لیے وزیراعظم پاکستان کارڈ بھی صوبے سے متعارف کروانا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024