• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پی ایس ایل ڈرافٹ میں کوئی فرنچائز اعظم کو لینا چاہے تو لے سکتی ہے، ندیم عمر

شائع December 8, 2021
ندیم عمر نے کہا کہ ڈرافٹ سے قبل فرنچائز مالکان کے ساتھ ساتھ عوام بھی بہت پرجوش ہیں — فائل فوٹو: پی ایس ایل
ندیم عمر نے کہا کہ ڈرافٹ سے قبل فرنچائز مالکان کے ساتھ ساتھ عوام بھی بہت پرجوش ہیں — فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ اعظم خان باصلاحیت وکٹ کیپر و بلے باز ہیں اور ہمارے ساتھ رہ کر کہیں ان کا کیپنگ ٹیلنٹ ضائع نہ ہوجائے، لہٰذا لیگ کے ڈرافٹ میں اگر کوئی فرنچائز اعظم کو لینا چاہے تو لے سکتی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’ری پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ سے قبل فرنچائز مالکان کے ساتھ ساتھ عوام بھی بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے ڈرافٹ کے عمل میں بڑے ناموں کی غیر موجودگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے نام زیادہ بڑی تعداد میں دستیاب نہیں ہوں گے، دنیا کی دیگر لیگز بھی ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑی بٹ گئے ہیں لیکن ہمارے لیے زیادہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ہماری لیگ کافی بڑی بن چکی ہے اور ہمارے مقامی کھلاڑی بھی بہت زبردست ہیں لہٰذا بڑے ناموں کی غیر موجودگی سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

شاہد آفریدی کی فرنچائز میں شمولیت کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایک دو دن میں اچھی خبر آئے گی، میں ملتان سلطانز کے مالکان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست کو مانا لیکن جب تک آفیشل نہیں ہوجاتا، اس وقت تک کچھ کہہ نہیں سکتے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ شاہد آفریدی ہماری فرنچائز سے کھیلیں، اس لیے ہم پرامید ہیں کہ ایک دو دن میں اچھی خبر مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہماری پرفارمنس اچھی نہیں رہی تھی اور ہم نے ڈرافٹ میں غلطیاں کی تھیں لہٰذا اس مرتبہ اچھی سے اچھی ٹیم بنانے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7 کا شیڈول جاری، 27 جنوری کو پہلا میچ ہوگا

ان کا کہنا تھا کہ ڈرافٹ میں اس بات کا بھی عمل دخل ہوتا ہے کہ آپ کی ٹیم کی کونسی باری آئے گی اور اس مرتبہ ہماری تمام باریاں بہت بیکار ہیں البتہ اگر ایک دو اچھی باریاں مل جائیں تو اچھی ٹیم بنائی جاسکتی ہے۔

ویوین رچرڈز کی آمد کے حوالے سے سوال پر ندیم عمر نے کہا کہ پچھلے سال کووڈ 19 کی وجہ سے وہ نہیں آسکے تھے لیکن اس مرتبہ ہمارے بے انتہا اصرار پر انہوں نے حامی بھرلی ہے اور آپ کو ان کی کمی محسوس نہیں ہوگی۔

اعظم خان کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بھی معین خان کی طرح یہی سمجھتا ہوں کہ ان کو وکٹ کیپنگ بھی کرنی چاہیے، اس مرتبہ اگر کوئی فرنچائز انہیں بطور وکٹ کیپر لینا چاہے تو لے سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ رہ کر کہیں اعظم کا کیپنگ کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو جائے، ان میں پاکستان کی نمائندگی کی صلاحیت موجود ہے لہٰذا ہم چاہیں گے کہ اگر کسی اور فرنچائز کی ان کو کیپنگ اور بیٹنگ کرانے میں دلچسپی ہو تو وہ انہیں لے سکتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کو میری غیر مشروط حمایت حاصل ہے، میں انہیں بچپن سے جانتا ہوں، وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کے ستارے کچھ عرصے سے گردش میں ہیں تاہم ہمیں یقین ہے کہ وہ اس سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کو ہوگی جبکہ میگا ایونٹ کا آغاز آئندہ سال 27 جنوری سے کراچی میں ہوگا اور پہلا میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024