• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پہلی شادی ناکام ہوگئی تھی، اداکارہ نتاشا حسین کا دہائیوں بعد انکشاف

شائع December 7, 2021
دوسرے شوہر نے خودمختاری دی اور مکمل تعاون کیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ
دوسرے شوہر نے خودمختاری دی اور مکمل تعاون کیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ

ماڈل، میزبان و اداکارہ نتاشا حسین نے دوسری شادی کے 25 سال گزرنے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہوگئی تھی۔

نتاشا حسین حال ہی میں اداکار علی خان کے ہمراہ نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں اداکاروں نے ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر باتیں کی۔

پروگرام کے دوران اداکار علی خان نے بتایا کہ وہ پہلے اداکار ہیں جنہیں بھارت جاکر کام کرنے کی کوئی خواہش نہیں، کیوں کہ وہ تو کئی سال قبل ہی وہاں کام کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بیرون ممالک میں بھی کام کر چکے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم اپنے ہی ملک میں کریں، جس وجہ سے وہ پاکستان لوٹے اور اب انہیں کہیں جانے کی خواہش نہیں رہی۔

پروگرام کے دوران اداکارہ نتاشا حسین نے بھی ذاتی زندگی اور کیریئر پر بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے اداکاری کرنے میں کافی دیر کی۔

نتاشا حسین کا کہنا تھا کہ ماڈلنگ کی عمر کم ہوتی ہے، انہیں وہاں صرف 5 سال تک کام کرنا تھا مگر وہاں انہوں نے 8 سال تک کام کیا اور بعد میں انہوں نے میزبانی کا آغاز کیا۔

نتاشا حسین کے مطابق انہیں اداکاری کی فیلڈ میں پہلے ہی آجانا چاہیے تھا مگر انہوں نے دیر کردی، تاہم ساتھ ہی کہا کہ انہیں اب اچھے اور مرکزی کردار ملنے لگے ہیں۔

اداکارہ نے شوہر عباس حسین کو بہترین ساتھی قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے شوہر عباس حسین کو بہترین ساتھی قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اسی دوران انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہیں اپنی بیٹی تانیہ حسین کے ساتھ بھی کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے اور دونوں جلد ہی ایک ساتھ دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے کرداروں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

نتاشا حسین نے بتایا کہ ان کی دوسری اور چھوٹی بیٹی ابھی 15 برس کی ہیں اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ بھی اداکاری کی دنیا میں آئیں گی یا نہیں؟

بڑی صاحبزادی کی جانب سے اداکاری کرنے کے ایک سوال پر نتاشا حسین نے شوہر عباس حسین کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بیٹی کی شوبز میں انٹری پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ جلد ہی بیٹی تانیہ حسین کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
اداکارہ نے بتایا کہ وہ جلد ہی بیٹی تانیہ حسین کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اسی دوران انہوں نے بتایا کہ دراصل وہ شوہر کے تعاون سے ہی اداکاری کی دنیا میں آئیں، کیوں کہ ان کے شوہر ان سے مکمل تعاون کرتے ہیں۔

نتاشا حسین نے اسی دوران انکشاف کیا کہ عباس حسین سے ان کی دوسری شادی ہے، ان سے قبل ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلی شادی تھوڑا ہی عرصہ چلی اور اس میں پابندیاں ہونے کی وجہ سے وہ ناکام ہوئی، جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی کی اور عباس حسین نے انہیں مکمل خودمختاری دی۔

نتاشا حسین نے جون 2021 میں شادی کی 25 ویں سالگرہ منائی تھی، ان کی بڑی صاحبزادی تانیہ حسین نے 2018 میں 20 سال کی عمر کے بعد اداکاری کا آغاز کیا۔

نتاشا حسین کا شمار ماضی کی مشہور ماڈلز میں ہوتا، انہوں نے ماڈلنگ کے بعد کچھ عرصہ پروگراموں کی میزبانی کی اور بعد ازاں اداکاری بھی شروع کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024