• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن کمیشن کو فیصل واڈا کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت

شائع December 7, 2021
سینیٹر فیصل واڈا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سینیٹر فیصل واڈا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ہدایت کی ہے کہ سینیٹر فیصل واڈا کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت جاری رکھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے یہ ہدایت اس وقت دی جب ایک وکیل نے ڈویژن بینچ کو بتایا کہ اپیل کنندہ کے سینئر وکیل کو پیر کے روز سماعت کی توقع نہیں تھی اور انٹرا کورٹ اپیل پر کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سینیٹر فیصل واڈا کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار عدالت کے ساتھ ڈیڑھ سال سے چھپن چھپائی کھیل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واڈا کو مستعفی ہونے کے باعث نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا، اسلام آباد ہائیکورٹ

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ای سی پی کے تین رکنی بینچ نے فیصل واڈا کو اپنے مؤقف کے حق میں شواہد پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

دوسری جانب فیصل واڈا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے سامنے دائر ایک انٹرا کورٹ اپیل میں درخواست کی کہ ان حقائق پر غور کیا جائے جو بقول ان کے جسٹس اطہر من اللہ نے ان کی نااہلی سے متعلق ای سی پی کی کارروائی کو روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نظر انداز کر دیے تھے۔

انٹرا کورٹ اپیل میں فیصل واڈا کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خلاف شکایت کنندہ مقررہ مدت کے اندر الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جسٹس اطہر من اللہ نے ان کے دلائل کو نہیں سنا اور درخواست نمٹا دی، ساتھ ہی ای سی پی کو اس بات کا تعین کرنے کی ہدایت کی کہ کیا کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے وقت قانون ساز دہری شہریت کے حامل تھے۔

مزید پڑھیں: فیصل واڈا کی نااہلی کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے پر نمٹا دی گئی

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ اگر ای سی پی فیصل واڈا کے بیان میں بے ضابطگیاں دیکھے تو وہ توہین عدالت کی کارروائی کر سکتا ہے۔

سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے قرار دیا تھا کہ ریٹرننگ افسر کے پاس ’جعلی حلف نامہ‘ جمع کرانا توہین آمیز ہوگا اور نااہلی کے ساتھ ساتھ اس پر سزا سنائی جاسکتی ہے۔

پیر کو جب انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے آئی تو ایک جونیئر وکیل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے سامنے پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اپیل کنندہ کے سینئر وکیل نہیں آسکتے کیونکہ انہیں اس دن سماعت کی توقع نہیں تھی۔

جس کے بعد وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیصل واڈا نااہلی کیس: ’آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کرلیں گے‘

عدالت نے یہ دیکھتے ہوئے کہ درخواست گزار ای سی پی کی کارروائی مؤخر کرنے کے لیے التوا مانگ رہے ہیں، کمیشن کو ہدایت کی کہ درخواست پر کارروائی جاری رکھے اور مزید سماعت جمعرات تک کے لیے ملتوی کردی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024