• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو قانونی نوٹس بھیج دیا

شائع December 6, 2021
چیئرمین پی سی بی کو قانونی نوٹس قومی ٹیم کی سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو دینے پر بھیجا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
چیئرمین پی سی بی کو قانونی نوٹس قومی ٹیم کی سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو دینے پر بھیجا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کی سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو دینے کے مسئلے پر پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

پی ٹی وی کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا نے پی سی بی کو لیگل نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں چیئرمین پی سی بی کو فریق بنایا گیاہے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے 3سال کیلئے نشریاتی حقوق پی ٹی وی کو دے دیے

پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پی سی بی کے درمیان پاکستان میں نشریاتی حقوق کا معاہدہ 16 ستمبر 2020 کو ہوا اور پی ٹی وی نے اس معاہدے کی ہر لحاظ سے پیروی کی لیکن ایک دم سے پی سی بی نے بغیر کسی وجہ کے نوٹس دیے بغیر ہی یہ معاہدہ ختم کردیا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ معاہدے کی منسوخی کے پی سی بی کے اس غیرقانونی اقدام پر لاہور کے سینئر سول جج کی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست دی گئی تاکہ پی سی بی کو کسی اور فریق سے معاہدہ کرنے سے باز رکھا جا سکے اور وہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سمیت دیگر کے میڈیا حقوق بھی کسی اور فریق کو نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس معاملے پر حکم امتنازع جاری کردیا اور پی سی بی نے ہماری درخواست کے خلاف اپیل بھی دائر کی لیکن عدالت نے اسے ہمارے حق میں مسترد کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں جسٹس رسال حسن بندیال نے بورڈ کی اپیل مسترد کرنے کے فیصلے کو منسوخ کردیا تھا اور اب اس مقدمے کی سماعت 22 دسمبر کو ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق لینے والی بھارتی کمپنی کا لیگ نشر کرنے سے انکار

چیئرمین پی سی بی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ پی سی بی نشریات کے لیے معاہدہ کرنے والا ہے جو حکم امتناع کی خلاف ورزی ہے اور پی سی بی کا ایسا کوئی بھی عمل توہین عدالت تصور کیا جائے گا۔

نوٹس میں رمیز راجا کو کہا گیا کہ وہ حکم امتناع پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو اسے عدالتی حکم کی خلاف ورزی تصور کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلے میں کہا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں چیئرمین پی سی بی کے خلاف عدالتی حکم کی نافرمانی، توہین عدالت، ذاتی حیثیت میں اختیارات کے غلط استعمال کی کارروائی ہو سکتی ہے جبکہ فریق ان کے خلاف دیگر قانونی کارروائی کرنے میں حق بجانب ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے ذیلی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن اسپورٹس سے 200ملین ڈالر کے عوض تین سال کا معاہدہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی چینل نے حقوق کے باوجود پی ایس ایل کی نشریات بند کردی

اس نئے معاہدے کے تحت طے پایا تھا کہ پی ٹی وی اسپورٹس پاکستان کی تمام دو طرفہ سیریز کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کے تمام میچز بھی نشر کرے گا۔

تاہم اب بورڈ کی جانب سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے لیے کسی اور فریق سے معاہدے کی خبروں کے بعد پی ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی کو نوٹس بھیجا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024