• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ثانیہ مرزا و شعیب ملک ٹاک شو کرنے کو تیار

شائع December 6, 2021
دونوں جلد ہی شو کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں جلد ہی شو کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک جلد ہی پہلی بار ایک ساتھ ’اردو فلکس‘ کے لیے ٹاک شو کرتے دکھائی دیں گے۔

شعیب ملک نے انسٹاگرام پر دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے صحافیوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی ان کا ٹاک شو شروع ہو جائے گا۔

دونوں نے بتایا کہ دونوں کافی عرصے سے کھیل کے میدان سے اسکرین پر آنے کا سوچ رہے تھے مگر انہیں موقع نہیں مل رہا تھا اور اب وہ جلد ہی لوگوں کو ہنساتے دکھائی دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے شو کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوگا اور شو مزاح سے بھرپور ہوگا، جس میں مہمانوں کو اپنے تجربات شیئر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا شو ایک طرح سے ’کپل شرما شو‘ جیسا ہوگا، تاہم ان کے شو کی تھیم ان سے کچھ مختلف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ کب سے اسکرین پر آنے کو ترس رہے تھے اور اب جب انہیں موقع مل رہا ہے تو وہ دوسروں کو ترسائیں گے۔

شعیب ملک نے کہا کہ نہ صرف وہ بلکہ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی مذکورہ شو کے لیے بہت ہی ایکسائٹڈ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کا شو شائقین کو پسند آئے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران اردو فلکس کے بانی فرحان گوہر نے بتایا کہ ’مرزا، ملک شو‘ میں دونوں ممالک یعنی پاکستان اور بھارت کے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور پروگرام کا سیٹ دبئی میں ہوگا اور مذکورہ شو خطے کا سب سے بڑا شو ہوگا۔

انہوں نے بھی امید ظاہر کی کہ ’مرزا، ملک شو‘ کو پاکستان اور بھارت میں یکساں طور پر پسند کیا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں میاں اور بیوی ایک ساتھ پروگرام کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، اب تک دونوں صرف مہمان کی صورت میں پروگراموں میں شرکت کرتے آ رہے تھے۔

دونوں متعدد اشتہارات میں کام کر چکے ہیں اور حال ہی میں میاں اور بیوی نے اپنی پرفیوم اور میک اپ مصنوعات بھی متعارف کرائی تھیں۔

دونوں کا شمار پاکستان اور بھارت کی مشہور ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی اور دونوں کو ایک تین سالہ بیٹا اذلان بھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024