• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

یاسر نواز پہلی سندھی کمرشل فلم بنائیں گے

یاسر نواز فلم کی ہدایات دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک
یاسر نواز فلم کی ہدایات دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک

’رانگ نمبر، چکر اور مہرالنسا وی لب یو‘ جیسی فلمیں بنانے والے فلم ساز و اداکار یاسر نواز نے تصدیق کی ہے کہ وہ جلد ہی اپنی پہلی سندھی کمرشل فلم پر کام شروع کردیں گے۔

یاسر نواز اگرچہ اردو فلمیں بنا چکے ہیں، تاہم انہوں نے آج تک مادری زبان میں کوئی فلم نہیں بنائی اور نہ ہی انہوں نے سندھی زبان کے ڈراموں میں کام کیا ہے۔

یاسر نواز کے والد فرید نواز بلوچ سندھی اور اردو ڈراموں کے معروف اداکار تھے جنہوں نے 100 سے زیادہ ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

والد کے برعکس یاسر نواز اور ان کے بھائی دانش نواز نے سندھی کے بجائے صرف اردو زبان کے ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے۔

تاہم اب جلد ہی یاسر نواز بطور ہدایت کار اپنی پہلی سندھی کمرشل فلم بنائیں گے، جس کی کہانی معروف ڈراما ساز نورالہدیٰ شاہ لکھیں گی۔

یاسر نواز نے انسٹاگرام پر 5 دسمبر کو سندھی ثقافتی دن کے موقع پر سندھی زبان میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا آغاز کریں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے یاسر نواز نے تصدیق کی کہ ان کی پہلی سندھی کمرشل فلم کی کہانی نورالہدیٰ شاہ لکھیں گی، جن کا سندھی افسانے میں کوئی ثانی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کازان‘ فیسٹیول میں پہلی مرتبہ سندھی فلم کی نمائش

انہوں نے بتایا کہ فی الحال وہ اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں، جیسے ہی اسکرپٹ مکمل ہوگا، شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔

یاسر نواز نے فلم کی کہانی اور کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا، تاہم کہا کہ فلم مکمل طور پر کمرشل ہوگی اور نورالہدیٰ شاہ سندھ بھر میں کہانیوں کے حوالے سے کافی شہرت رکھتی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ نورالہدیٰ شاہ کسی کمرشل سندھی فلم کا اسکرپٹ لکھیں گی، اس سے قبل وہ متعدد سندھی ڈرامے لکھ چکی ہیں، جن کا شمار پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے۔

نورالہدیٰ شاہ نے پی ٹی وی کے لیے ’جنگل، ماروی، بے باک، میری ادھوری محبت اور ادھورا ملن‘ سمیت دیگر اردو ڈرامے بھی لکھے، جنہیں کہانی اور کاسٹ کی وجہ سے خوب پسند کیا گیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ یاسر نواز مذکورہ سندھی فلم میں مختصر کردار بھی ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024