• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹام کروز ایک بار پھر جان لیوا اسٹنٹ کے لیے تیار

شائع December 2, 2021
مشن امپوسبل فال آؤٹ — اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل فال آؤٹ — اسکرین شاٹ

ٹام کروز نے جب 1990 کی دہائی میں مشن امپوسبل سیریز میں شمولیت اختیار کی تو ایک اداکار ہوتے ہوئے اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل کی، اس سیریز کی ہر نئی فلم میں دنگ کردینے والے اسٹنٹس ہوتے ہیں جو ٹام کروز نے خود کیے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کا خیال ہو کہ 2011 میں ریلیز ہونے والی مشن امپوسبل گھوسٹ پروٹوکول میں دنیا کی سب سے بلند عمارت پر چڑھنے کا مظاہرہ ٹام کروز نے خود نہ کیا ہو مگر آپ کی سوچ غلط ہے۔

مگر ٹام کروز کی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ تو مشن امپوسبل 8 میں ناظرین دیکھ سکیں گے۔

ویسے تو ابھی مشن امپوسبل 7 ریلیز نہیں ہوئی کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کافی التوا کا شکار ہوچکی ہے اور اب ستمبر 2022 میں سنیما گھروں کی زینت بنیں گے۔

مگر مشن امپوسبل 8 کی شوٹنگ بھی ابھی جارہی ہے اور اس کے لیے ٹام کروز اپنے سب سے خطرناک اسٹنٹ کی تیاری کررہے ہیں۔

حال ہی میں ٹام کروز کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں وہ برطانیہ میں 2 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک طیارے میں اسٹنٹ کی ریہرسل کررہے ہیں۔

ٹام کروز دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونے والے ایک طیارے پر اس اسٹنٹ کی مشق کررہے ہیں۔

تصاویر میں دکھایا گیا کہ ٹام کروز طیارے کے کاک پٹ سے نکل کر اس کے پروں میں جھولنے لگتے ہیں جبکہ طیارہ الٹا ہوتا ہے۔

فوٹو بشکریہ دی سن
فوٹو بشکریہ دی سن

اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز کو طیارے کے پروں سے کسی چیز سے باندھا جائے گا۔

اسٹنٹ کے لیے اس الٹے طیارے کو نیچے لے جایا جائے گا اور اداکار چھلانگ لگا کر واپس کاک پٹ میں جاکر اسے سنبھالیں گے۔

اس سے پہلے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اکتوبر میں ٹام کروز نے اس طرح کے پرانے طیاروں کو اڑانے کی تربیت حاصل کی ہے جس کا مقصد ایک خاص اسٹنٹ کو پرفارم کرنا ہے۔

اس سیریز کی 7 ویں فلم کی شوٹنگ ستمبر 2021 میں مکمل ہوگئی تھی۔

مشن امپوسبل 7 کے لیے بھی ٹام کروز نے کافی اسٹنٹس کیے ہیں بلکہ ایک اسٹنٹ کے لیے تو انہوں نے ایک سال تک تربیت بھی حاصل کی جس کے دوران ان کو ناروے کی ایک وادی میں موٹرسائیکل دوڑاتے ہوئے ایک پہاڑی سے گہرائی میں چھلانگ لگانا تھی۔

سنیما کون ایونٹ کے موقع پر ٹام کروز اور فلم کے ڈائریکٹر مک کیری نے شرکت کرکے مشن امپوسبل 7 کے بارے می بات کی۔

اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے 50 اسکائی ڈائیونگ سیشنز میں شرکت کی اور 13 ہزار بار موٹرسائیکل سے جمپ لگائی۔

اس اسٹنٹ کو فلم کی شوٹنگ کے پہلے دن عکسبند کیا گیا تھا جس کی ویڈیو ممکنہ طور پر گزشتہ سال ستمبر میں وائرل بھی ہوئی تھی۔

2020 میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔

اس وقت تو معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ اس اسٹنٹ کس نے کیا تھا مگر اب تصدیق ہوگئی ہے کہ ایسا ٹام کروز نے خود کیا۔

مشن امپوسبل 6 کا ایک منظر — اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل 6 کا ایک منظر — اسکرین شاٹ

ایونٹ کے موقع پر بات کرتے ہوئے ٹام کروز نے کہا 'یہ اب تک سب سے خطرناک اسٹنٹ تھا جس کی میں نے کوشش کی، ہم اس کے لیے برسوں سے کام کررہے تھے، میں بچپن سے ایسا کرنا چاہتا تھا'۔

ڈائریکٹر کرسٹوفر میک کیری نے کہا کہ اب بس ایک مجھے خوفزدہ کررہی ہے کہ مشن 8 کے لیے ہم کیا دکھائیں گے۔

مشن امپوسبل 7 کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ علم نہیں مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ اس میں گزشتہ حصے کی کہانی آگے بڑھائی گئی ہے۔

مشن امپوسبل 4 کے اسٹنٹ کا اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل 4 کے اسٹنٹ کا اسکرین شاٹ

یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپوسبل' کی ساتویں فلم ہے، اس سیریز کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں 'مشن امپاسیبل: فال آؤٹ' کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024