• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عاصم اظہر سوتیلے بھائی ہیں نہ کزن، میرب علی کی وضاحت

شائع December 2, 2021
میرب علی نے صنف آہن سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے—اسکرین شاٹ
میرب علی نے صنف آہن سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے—اسکرین شاٹ

میگا کاسٹ فوجی ڈراما ’صنف آہن‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی ماڈل و اداکارہ میرب علی نے واضح کیا ہے کہ گلوکار عاصم اظہر ان کے سوتیلے بھائی اور نہ ہی ان کے کزن ہیں۔

ماڈل و اداکارہ نے حال ہی میں شوبز ویب سائٹ سم تھنگ ہاٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر سمیت عاصم اظہر سے متعلق تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بھی وضاحت کی۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے 2016 میں محض سولہ سال کی عمر میں ماڈلنگ شروع کی تھی اور سب سے پہلے گلوکار سجاد علی کے گانے میں پرفارمنس دی جس کے بعد انہوں نے مختلف منصوبوں میں کام کیا۔

میرب علی کے مطابق انہیں سوشل میڈیا اسٹار اور خصوصی طور پر انسٹاگرام انفلوئنسر کے طور پر پہچانا جاتا ہے تاہم وہ خود کو ماڈل و اداکارہ کے طور پر دیکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’صنف آہن‘ کی پروڈیوسر ثنا شاہنواز نے عاصم اظہر کی والدہ گل رعنا کو کہا تھا کہ میرب علی کا چہرہ یمنیٰ زیدی سے ملتا جلتا ہے، اس لیے وہ انہیں ڈرامے میں کاسٹ کرنا چاہتی ہیں اور پھر انہوں نے ہی ڈرامے کے آڈیشن کے لیے رابطہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کی افواہیں

میرب علی نے بتایا کہ ثنا شاہنوار نے ہدایت کار ندیم بیگ کے سامنے آڈیشن دینے کا کہا جس کے بعد ہی انہیں کاسٹ کیا گیا اور انہوں نے شوٹنگ کے دوران نہ صرف ہدایت کار بلکہ یمنیٰ زیدی سمیت دیگر کاسٹ سے بہت ساری چیزیں بھی سیکھیں۔

ایک سوال کے جواب میں میرب علی نے بتایا کہ ان کی زیادہ تر زندگی بیرون ملک گزری ہے لیکن پروفیشنل کیریئر کا آغاز ملک سے ہی کیا اور انہیں یقین ہے کہ عمر کے حساب سے بہترین کردار مل جائیں گے۔

اسی پروگرام میں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ عاصم اظہر اور میرب علی سوتیلے بہن و بھائی ہیں یا پھر وہ کزن ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہ تو گلوکار کی سوتیلی بہن ہیں اور نہ ہی عاصم اظہر ان کے کزن ہیں، یہ لوگوں کا خیال ہے۔

میرب علی نے بتایا کہ وہ اور عاصم اظہر بچپن سے ہی ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور بہترین دوست ہیں جب کہ ان کے بھائی اور گلوکار بھی اچھے دوست ہیں اور ان کی مائیں بھی بہترین سہیلیاں ہیں۔

مزید پڑھیں: عاصم اظہر کی منگنی سے متعلق اپنے 'جعلی پیغام' کی تردید

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں سوشل میڈیا پیجز اور شوبز ویب سائٹس پر خبریں پھیلی تھیں کہ میرب علی اور عاصم اظہر نے منگنی کرلی، ان کی منگنی کی خبریں اس وقت پھیلنا شروع ہوئی تھیں جب کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

بعد ازاں عاصم اظہر کے نام سے ایک جعلی سوشل میڈیا پوسٹ بھی پھیلی تھی، جس میں عاصم اظہر کے جعلی پروفائل کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ میرب علی ان کی بہنوں کی طرح ہیں۔

تاہم جلد ہی عاصم اظہر نے مذکورہ پوسٹ کو جعلی قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے میرب علی سے منگنی کی یا نہیں اور نہ ہی ان سے رشتے یا تعلقات پر کوئی وضاحت کی تھی۔

تاہم اب میرب علی نے انٹرویو میں واضح کیا کہ وہ اور عاصم اظہر سوتیلے بہن و بھائی نہیں اور نہ ہی وہ کزن ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024