• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مسترد

شائع November 30, 2021
انہوں نے ریمارکس دیے کہ پارٹیوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا 
— فائل/فوٹو: اے پی
انہوں نے ریمارکس دیے کہ پارٹیوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا — فائل/فوٹو: اے پی

سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج

عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن، پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے تمام اقدامات کر چکا، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال کی تاخیر ہوچکی ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ جماعتی بنیاد پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، جمہوریت کو تقویت دینے کے لیے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ پارٹیوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ: غیر جماعتی بنیاد پر ولیج کونسل انتخابات غیر آئینی قرار

ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس ریے کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے نقصان ہو رہا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو انتخابات کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔

جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

خیال رہے کہ 2 نومبر کو تین رکنی لارجر بینچ نے دیہی اور محلہ کونسلوں کے انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیاد پر انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے کیونکہ غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین پاکستان کے آرٹیکل 17 کے خلاف ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

ای سی پی سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ 19 دسمبر کو ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024