• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چاول کی بمپر پیداوار سے ریکارڈ توڑ برآمد متوقع

شائع November 30, 2021
فخر امام نے کہا کہ یہ اس سال پورے برآمدی شعبے میں سب سے زیادہ نمو ہو سکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
فخر امام نے کہا کہ یہ اس سال پورے برآمدی شعبے میں سب سے زیادہ نمو ہو سکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں سال چاول کی تقریباً 90 لاکھ ٹن کی بمپر پیداوار ہوئی ہے جس سے اس کی تاریخی برآمد کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر امام کا کہنا تھا کہ ملک میں رواں سال برآمدات کے لیے چاول کی 80 لاکھ 30 ہزار ٹن کی مقدار موجود ہے جس کی مالیت 4 ارب 85 کروڑ ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ اب ترسیلات میں رکاوٹیں کم ہوگئی ہیں تو پاکستان کو 80 لاکھ 30 ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھاتے ہوئے 4 ارب 85 کروڑ ڈالر کمانے چاہیے اور یہ گزشتہ سال سے 2 ارب 74 کروڑ ڈالرز زیادہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اس سال پورے برآمدی شعبے میں سب سے زیادہ نمو ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 38 فیصد کمی

فخر امام کا کہنا تھا کہ ملک گزشتہ تین سالوں میں اپنی پالیسیوں کی وجہ سے چاول کی ریکارڈ پیداوار کر رہا ہے، گزشتہ سال پاکستان میں 84 لاکھ 10 ہزار ٹن چاول پیدا ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر تک ملک میں چاول کی کھپت 31 لاکھ ٹن رہی جبکہ 33 لاکھ 40 ہزار ٹن چاول برآمد کیے گئے جس کی مالیت 2 ارب 11 کروڑ ڈالرز تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کامیابی قابل ذکر ہے اور حکومت کی کسان دوست پالیسی کا نتیجہ ہے، کسانوں کو ان کی لگن اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، ان ہی کی وجہ سے ہم بے مثال سنگ میل عبور کر رہے ہیں‘۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ماہ تک چاول کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 14 لاکھ 30 ہزار ٹن ہوگا اور ملکی کھپت کے لیے 34 لاکھ ٹن نکالنے کے بعد اس کی کل مقدار 80 لاکھ 30 ہزار ٹن ہوگی جو برآمدات کے لیے وافر مقدار ہے۔

باسمتی اور موٹے چاول کی برآمدات کی حالیہ اوسطاً قیمت بالترتیب 870 ڈالرز اور 490 ڈالرز فی ٹن ہے، اس قیمت پر رواں سال پاکستان باسمتی چاول کی برآمدات سے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر جبکہ موٹے چاول کی برآمدات سے 2 ارب 75 کروڑ ڈالر کما سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے باسمتی چاول پر بھارتی دعویٰ چیلنج کردیا

مالی سال 21-2020 میں پاکستان نے 35 لاکھ ٹن چاول برآمد کیے جس کی مالیت 2 ارب11 کروڑ ڈالر تھی، یہ برآمدات مالی سال 2020 کے مقابلے 12 فیصد کم تھی جب کورونا وائرس کی پابندیوں سے برآمدات شدید متاثر ہوئی تھی۔

پاکستان فی الحال 5 ممالک کو چاول برآمد کر رہا ہے جس میں چین، کینیا، متحدہ عرب امارات، افغانستان اور سعودی عرب شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ متعدد ممالک ہیں جہاں برآمدات کے اچھے مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز کو ممکنہ مارکیٹوں کی تلاش کا ٹاسک سونپنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024