عابد علی کی شاندار بلے بازی، پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان نے کسی نقصان کے بغیر 109 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ کھیل جاری رکھا۔
تاہم 151 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جو 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
عابد علی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 12 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر تیج الاسلام کا شکار بنے۔
یہ بھی پڑھیں: اوپنرز کی سنچری شراکت، پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں فتح کیلئے 93 رنز درکار
اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے میزبان ٹیم کے باؤلرز کو مزید کوئی وکٹ لینے کا موقع نہیں دیا اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کراتے ہوئے 202 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
اظہر علی 24 اور بابر اعظم 13 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اور تیج الاسلام کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
عابد علی کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے اوپنرز کے شاندار کھیل اور سنچری شراکت کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں اوپنرز کے شاندار آغاز کے باوجود 286 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: قومی ٹیم 286 رنز پرآؤٹ، بنگلہ دیش کی 83 رنز کی برتری
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پہلی اننگز میں 44 رنز کی برتری کی بدولت بنگلہ دیش نے پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔