• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

وزیر اعظم کی نواز شریف کو عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں مدعو کرنے پر کڑی تنقید

شائع November 29, 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ اب وہ (نواز شریف) علاج کے لیے بیرون ملک فرار ہوچکا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ اب وہ (نواز شریف) علاج کے لیے بیرون ملک فرار ہوچکا ہے— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں منعقدہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مدعو کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس میں مہمان خصوصی نواز شریف کو بنایا گیا جبکہ اُسی تقریب میں وہ ججز بھی موجود تھے جنہوں نے سابق وزیراعظم کو سزا سنائی تھی۔

جہلم میں القادر یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور عوام کا پیسہ کھا کر فرار ہونے پر سزا سنائی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اب وہ (نواز شریف) علاج کے لیے بیرون ملک فرار ہوچکا ہے، 1985 کے بعد تبدیلی آئی ہے کہ چوروں کو بُرا ہی نہیں سمجھتے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں کوئی سیاسی بیان نہیں دے رہا لیکن جب آپ کرپشن کو کرپشن ہی نہیں سمجھیں گے تو اس معاشرے میں محنت کون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم ہی ہماری ترقی کے لیے بڑی رکاوٹ بن گیا ہے، نوآبادیاتی نظام کے تحت تشکیل پانے والا انگلش میڈیم اور دوسری طرف اردو، جو تیتر ہے اور نہ ہی بٹیر اور تیسری طرف دینی مدارس میں نظام تعلیم ہے، اس کے نتیجے میں تین مختلف خیال کی حامل قومیں سامنے آرہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ تینوں نظام تعلیم سے آراستہ طلبہ کا تعلق نہیں رہا، ہم نے فیصلہ کیا کہ انہیں یکجا کرنے کے لیے ایک یکساں نظام تعلیم لے کر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی روایات اور دین کے مطابق سیاحت کو فروغ دیں گے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی مختلف انتشار سے دوچار ہے، مسلمان عاشق رسول ﷺ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اپنے معمولات زندگی میں سیرت النبی ﷺ کے فرمودات کو نہیں اپناتا۔

عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کے اعلیٰ کردار کی وجہ سے ملائیشیا اور انڈونیشیا میں ہزاروں لوگ مسلمان ہوگئے، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہماری قوم کا اعلیٰ کردار نہیں رہا اور سچائی اعلیٰ کردار کی بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ایسی قوم بننا ہے جو ہمارے اعمال اور نبی کریم ﷺ کی سیرت کو جوڑے، جب تک ہم اپنے اعمال کو حضرت محمدﷺ کی تعلیمات سے نہیں جوڑیں گے اس وقت تک عظیم قوم نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی طرز معاشرت کو دیکھ کر ہمارا نوجوان تذبذب کا شکار ہے، مغربی ممالک سائنس اور ٹیکنالوجی کی بدولت ترقی کر رہے ہیں لیکن روحانی اعتبار سے تنزلی کا شکار ہیں جس کا اظہار خود پوپ نے بھی کیا۔

عمران خان نے تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کی بدولت کئی راز افشاں ہو سکتے ہیں، طرز معاشرت میں بہتری بھی آئے گی، اس ضمن میں جامعات اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، وزیراعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ممالک میں اسلام پر بہت کام ہو رہا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہاں کفر کے فتوے کا ڈر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہ لیڈر سامنے نہیں آسکے جو اعلیٰ کردار کے حامل تھے، ہمارے سیاستدان نہیں سمجھتے کہ جب آپ لیڈر بنتے ہیں تو دراصل یہ بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب کوئی صاحبِ منصب ہوجائے تو قوم کا پیسہ لوٹنا شروع کر دیتا ہے تو ایسا معاشرہ کیسے ترقی کرسکتا ہے جبکہ اصل رہنما وہ ہوتا ہے جو اپنی ذات سے بڑھ کر سوچتا ہے۔

وزیر اعظم نے خدشہ ظاہر کیا کہ مغربی ممالک میں سے پھر کوئی نہ کوئی شخص گستاخی کرے گا لیکن اس مرتبہ خواہش ہے کہ مربوط اور حکمت عملی سے مزین ردعمل سامنے آئے جس کی قانونی حیثیت ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان اور اسکالرز سے مشاورت کر کے ایک ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے جس پر مغربی ممالک میں گستاخی کی گنجائش باقی نہ رہ جائے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024