• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’صنف آہن‘ کی پہلی قسط نے ہی مداحوں کے دل جیت لیے

شائع November 29, 2021
ڈرامے کی پہلی قسط کی ہی تعریفیں کی گئیں — پرومو فوٹو
ڈرامے کی پہلی قسط کی ہی تعریفیں کی گئیں — پرومو فوٹو

ہدایت کار ندیم بیگ کے ریلیز کیے جانے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’صنف آہن‘ کی پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے۔

سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ خان اور رمشا خان سمیت دیگر اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی ڈرامے کی پہلی قسط 27 نومبر کی شب کو نشر کی گئی۔

ڈرامے کا پہلا ٹیزر 11 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد مرکزی کاسٹ کے ٹیزرز کو الگ الگ جاری کرکے 20 نومبر کو ڈرامے کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے

’صنف آہن‘ کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی ڈرامے کا ٹرینڈ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا اور لوگوں نے نہ صرف ڈرامے کے آغاز کو دوسروں سے مختلف قرار دیا بلکہ تمام اداکاراؤں کی پرفارمنس کی تعریفیں بھی کیں۔

زیادہ تر افراد نے یمنیٰ زیدی اور رمشا خان کی اداکاری کی تعریف کی اور لکھا کہ دونوں اداکاراؤں نے پشتون اور بلوچی لڑکی کا کردار اچھے طریقے سے نبھایا۔

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ ‘جب کہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں۔

اسی طرح سائرہ یوسف مسیحی فوجی لڑکی ’آرزو ڈینیئل‘، کبریٰ خان شہری فوجی افسر ’ماہجبین مستان‘ اور سجل علی ڈرامے میں ’رابعہ سفیر‘ کے کردار میں دکھائی دیں۔

ڈرامے میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا بھی اہم کردار ہے جنہوں نے ڈرامے میں سری لنکن فوجی کیڈٹ ’نتھمی پریرا‘ کا کردار ادا کیا ہے جب کہ اس میں ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین بھی ’سیدہ سدرہ‘ نامی کیڈٹ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی لوگوں نے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر ڈرامے کے اسکرین شاٹ اور کلپس شیئر کرتے ہوئے اس کی تعریفیں کیں۔

ایک صارف نے یمنیٰ زیدی کے کردار کی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہوں نے پہلی ہی قسط میں دل جیت لیے۔

انہوں نے لکھا کہ یمنیٰ زیدی نے ایک دوسرے لہجے اور کمیونٹی کی لڑکی کا کردار اتنے شاندار انداز میں کیا کہ محسوس ہی نہیں ہو رہا تھا کہ انہوں نے کوئی دوسرا لہجہ اپنایا ہوا ہے۔

لوگوں نے ان کے پشتون لڑکی کے انداز کو بہت پسند کیا اور ان کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کی تصاویر و کلپس شیئر کیں۔

ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہونے کے بعد جہاں ’صنف آہن‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر آیا، وہیں رمشا خان کے کردار پرویش جمال کا ٹرینڈ بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔

لوگوں نے ان کے کردار کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں بہادر، معصوم اور خوبصورت قرار دیا۔

لوگوں نے ان کے کردار کو پسند کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کی مزید اداکاری دیکھنے کے منتظر ہیں۔

بعض شائقین نے رمشا خان اور یمنیٰ زیدی سمیت تمام مرکزی کاسٹ کی اداکاری اور ڈرامے کی کہانی کی تعریف کرتے ہوئے اس کے آغاز کو متاثر کن اور دوسروں سے منفرد قرار دیا۔

بعض صارفین کے مطابق ڈرامے کے آغاز کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوا کہ اس میں غیر ضروری اور بیکار چیزیں نہیں ہیں۔

کچھ شائقین نے ڈرامے کی مرکزی کاسٹ کے کرداروں کو مشکل اور بہادر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ہر کسی کو اپنے اپنے لیے لڑتے اور اپنے مسائل کے لیے اٹھ کھڑے ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور کسی کا کردار بھی آسان نہیں ہے، سب لوگ اپنے اندرونی و بیرونی مسائل سے لڑتے دکھائی دیے۔

بعض لوگوں نے ڈرامے کی تھیم کو بھی بہترین قرار دیا اور لکھا کہ ڈرامے میں خواتین کو بااختیار ہوتے ہوئے دکھانا اور اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی کہانیاں دکھانا اچھا عمل ہے اور مزید ڈراموں میں بھی خواتین کو بااختیار دکھانے کی ضرورت ہے۔

سری لنکن شائقین نے بھی سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر کاسٹ کی اداکاری کو سراہا۔

خیال رہے کہ ڈرامے کی مرکزی کہانی کبریٰ خان، سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان اور سائرہ یوسف کے گرد گھومتی ہے جو کہ عام گھرانوں کی لڑکیاں ہوتی ہیں مگر فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہوجاتی ہے۔

ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جب کہ اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید اور ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024