• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاک بھارت ورلڈ کپ مقابلہ ٹی20 کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ قرار

شائع November 26, 2021
پاکستان اور بھارت کو ٹیلی ویژن پر 16کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے دیکھا—  فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بھارت کو ٹیلی ویژن پر 16کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے دیکھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو ٹیلی ویژن پر 16کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے دیکھا جس کے ساتھ ہی یہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بن گیا ہے۔

پاکستان نے اس میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس نے روایتی حریف کو 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کے خلاف نئے ریکارڈز بنا دیے

اس میچ سے پہلے ٹی20 میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل میچ تھا۔

آئی سی سی کے مطابق اسٹار انڈیا نیٹ ورک پر پاک بھارت میچ ریکارڈ 15.9 ارب منٹ تک بھارت میں ناظرین نے دیکھا اور برطانیہ کے چینل اسکائی یو کے پر میچ دیکھنے والوں کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوا، برطانیہ میں مجموعی طور پر ناظرین کی تعداد میں 7فیصد اضافہ ہوا۔

ٹورنامنٹ دیکھنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

پورے ٹی20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی نشریات تقریباً 10ہزار گھنٹوں کی لائیو کوریج پر محیط تھی جو اس سے قبل کبھی ریکارڈ نہیں کی گئی، اس دوران 200 ممالک میں ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر میچ دکھایا گیا۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں کرکٹ اور کھیلوں کے شائقین نے آئی سی سی T20 ورلڈ کپ 2021 کی بے مثال کوریج کا لطف اٹھایا، پانچ سال بعد منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ تھا جس نے متعدد خطوں میں ویورشپ کے ریکارڈ توڑ دیے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

کرکٹ گورننگ باڈی کے مطابق پاکستان میں ٹورنامنٹ کو پہلی بار تین اہم اداروں پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک، اے آر وائی اور ٹین اسپورٹس نے نشر کیا جس کی وجہ سے ملک میں 2016 کے ایونٹ کے مقابلے میں ناظرین کی تعداد میں مزید 7.3 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت میں پورے ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر ٹی وی کی کھپت 112ارب منٹ ریکارڈ کی گئی اور شاندار مارکیٹنگ مہم کی بدولت ملک میں کم عمر سامعین (15 سال سے کم عمر بچوں) کے درمیان ویورشپ ناظرین کا حصہ 18.5 فیصد رہا۔

اس حوالے سے آئی سی سی نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں فاکس نیٹ ورک پر ناظرین کی تعداد میں 175 فیصد اضافہ ہوا اور امریکا میں یہ ٹورنامنٹ ای ایس پی این پلس پر اب تک کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کرکٹ ٹورنامنٹ تھا۔

ڈیجیٹل کھپت

آئی سی سی کے مطابق بھارت میں ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ٹورنامنٹ کے لیے ڈیجیٹل استعمال میں بے انتہا اضافہ دیکھا گیا جس سے مارکیٹ میں ٹیلی ویژن کے مجموعی ناظرین میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ فیس بک کے ساتھ آئی سی سی کے اشتراک کے نتیجے میں ویڈیوز کے ویوز میں نمایاں اضافہ ہوا، 2019 ورلڈ کپ میں 3.6ارب مرتبہ ویڈیوز دیکھی گئیں لیکن اس مرتبہ 4.3ارب ویورشپ رہی۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا: شائقین نے سوشل میڈیا کا محاذ سنبھال لیا

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی سی سی کی مجموعی ڈیجیٹل کھپت میں بھی اضافہ ہوا اور کُل 2.55 ارب منٹ ریکارڈ ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024