• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اے آر رحمٰن کی صاحبزادی کی پہلی بار حجاب میں پرفارمنس

شائع November 23, 2021
خدیجہ رحمٰن نے فردوس آرکسٹرا گروپ کے ہمراہ پرفارمنس کی—اسکرین شاٹ
خدیجہ رحمٰن نے فردوس آرکسٹرا گروپ کے ہمراہ پرفارمنس کی—اسکرین شاٹ

بھارت کے واحد ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ گلوکار و موسیقار اللہ رکھا (اے آر رحمٰن) کی صاحبزادی خدیجہ رحمٰن نے دبئی ایکسپو 2020 میں پہلی بار عوامی سطح پر براہ راست حجاب پہن کر پرفارمنس کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔

خدیجہ رحمٰن موسیقار کی بڑی صاحبزادی ہیں، جن کے حوالے سے بھارتی میڈیا ماضی میں منفی رپورٹنگ کرتا رہا ہے اور عالمی شہرت یافتہ موسیقار کی بیٹی کی جانب سے برقع پہننے پر انہیں قدامت پسند تک لکھا گیا۔

خدیجہ رحمٰن اگرچہ گلوکاری کا آغاز پہلے ہی کر چکی تھیں، تاہم انہوں نے پہلی بار 20 نومبر کو عوامی سطح پر براہ راست میوزک فیسٹیول میں پرفارمنس کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔

’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ موسیقار نے اپنے انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی صاحبزادی خدیجہ رحمٰن نے 20 نومبر کو دبئی ایکسپو 2020 میں پرفارمنس کی۔

انہوں نے یوٹیوب چینل پر بیٹی کی پرفارمنس کی مکمل ویڈیو بھی شیئر کی،جس میں خدیجہ رحمٰن کو ’فردوس آرکسٹرا‘ گروپ اراکین کے ہمراہ پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

خدیجہ رحمٰن نے 20 نومبر کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر والد صاحب کے ترتیب دیے گئے کلام ’فرشتون‘ کو پیش کیا۔

’فرشتون‘ کو پہلی بار خدیجہ رحمٰن نے اکتوبر 2020 کو گایا تھا، جس میں اینیمیشن کے ساتھ ویڈیو بنائی گئی تھی، تاہم اب انہوں نے مذکورہ کلام کو ’دبئی ایکسپو 2020‘ میں براہ راست پیش کیا۔

خدیجہ رحمٰن نے پرفارمنس کے دوران روایتی اسلامی لباس پہن رکھا تھا جب کہ ان کے ساتھ پرفارمنس کرنے والے ’فردوس آرکسٹرا‘ گروپ کی اراکین خواتین روایتی بولڈ لباس میں دکھائی دیں۔

یہ بھی پڑھیں: حجاب کے معاملے میں تنقید پر اے آر رحمٰن بیٹی کے حق میں بول پڑے

’فردوس آرکسٹرا‘ میں مختلف ممالک اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں اور مذکورہ گروپ اے آر رحمٰن کی سرپرستی میں ہی کام کر رہا ہے اور اسے خصوصی طور پر دبئی ایکسپو 2020 کے لیے ہی بنایا گیا تھا۔

دبئی ایکسپو میں خدیجہ رحمٰن کی حجاب کے ساتھ پرفارمنس پر لوگوں نے یوٹیوب سمیت انسٹاگرام پر ان کی تعریفیں کیں۔

واضح رہے کہ اے آر رحمٰن اور ان کے والدین پیدائشی ہندو تھے اور انہوں نے بعد میں اسلام قبول کیا تھا۔

اے آر رحمٰن تامل ناڈو کے رہائشی ہیں اور انہوں نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔

اے آر رحمٰن بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جب کہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد بار جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔

مزید پڑھیں: اے آر رحمٰن نے بولی وڈ کے مکروہ چہرے کو عیاں کردیا

اے آر رحمٰن نے خود بھارت کا اعلیٰ ترین نیشنل ایوارڈ بھی 4 مرتبہ حاصل کیا ہے جب کہ کئی اعلیٰ اداکار و موسیقار بھی تاحال یہ ایوارڈ نہیں جیت پائے۔

علاوہ ازیں اے آر رحمٰن فلم فیئر سمیت دیگر متعدد اقسام کے درجنوں ایوارڈز جیت چکے ہیں اور وہ یورپ سمیت امریکا کا انٹرنیشنل میوزیکل ٹوئر کرنے والے واحد بھارتی موسیقار ہیں۔

انہوں نے کم از کم 5 درجن بولی وڈ فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی، انہوں نے بولی وڈ فلم ’موہن جو داڑو‘ کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024