• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

علیزے شاہ نے یاسر نواز اور ہمایوں سعید کے ساتھ بدتمیزی کی، نوید رضا کا دعویٰ

شائع November 23, 2021
نوید رضا کے دعووں پر علیزے شاہ نے تاحال جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام / فیس بک
نوید رضا کے دعووں پر علیزے شاہ نے تاحال جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام / فیس بک

اداکار نوید رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سینیئر اداکاروں یاسر نواز اور ہمایوں سعید کے ساتھ بدتمیزی کی۔

نوید رضا ساتھی اداکارہ ماہم عامر کے ہمراہ احسن خان کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت نجی زندگی سے متعلق بھی باتیں کیں۔

پروگرام کے دوران اداکارہ ماہم عامر نے بھی شوبز انڈسٹری سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ مستقبل میں کیا کچھ کرنے جا رہی ہیں۔

مذکورہ پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں میزبان احسن خان نے علیزے شاہ کا نام لیے بغیر نوید رضا سے سوال کیا کہ ان کے ہی پروگرام میں یاسر نواز نے ایک اداکارہ کے رویے کی شکایت کی تھی اور یہ کہ آپ بھی ان کے ساتھ ڈرامے میں کام کر رہے تھے، تو آپ یاسر نواز کے بیان سے متعلق کیا کہنا چاہیں گے؟

علیزے شاہ نے دو سینیئر اداکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی، نوید رضا—اسکرین شاٹ
علیزے شاہ نے دو سینیئر اداکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی، نوید رضا—اسکرین شاٹ

جس پر نوید رضا نے میزبان کو ٹوکا کہ انہوں نے اداکارہ کا نام کیوں نہیں لیا؟ جس پر احسن خان نے کہا کہ انہیں جو سوال دیا گیا، اس میں نام نہیں لکھا ہوا۔

بعد ازاں بات کو جاری رکھتے ہوئے نوید رضا نے کہا کہ وہ اداکارہ علیزے شاہ تھیں اور انہوں نے مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران نہ صرف یاسر نواز بلکہ ڈرامے کے پروڈیوسر ہمایوں سعید کے ساتھ بھی ناروا سلوک اختیار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی میں کوئی دلچسپی نہیں، ابھی بہت کام کرنا ہے، علیزے شاہ

نوید رضا کے مطابق علیزے شاہ اداکار یاسر نواز اور ہمایوں سعید سے کم عمر بھی ہیں اور وہ ان کے مقابلے میں نئی اداکارہ ہیں تو اس لحاظ سے انہیں نہ صرف ان کی عزت کرنی چاہیے تھی بلکہ اس بات پر فخر کرنا چاہیے تھا کہ سینیئر اداکاروں نے ان کے ساتھ کام کرنے کی ہامی بھری۔

نوید رضا کے ہمراہ ماہم عامر بھی پروگرام میں شریک ہوئیں—اسکرین شاٹ
نوید رضا کے ہمراہ ماہم عامر بھی پروگرام میں شریک ہوئیں—اسکرین شاٹ

نوید رضا نے ڈرامے کی شوٹنگ اور مناظر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علیزےشاہ اس حد تک گئیں کہ انہوں نے یاسر نواز کے ڈائیلاگ تک ڈرامے سے نکلوائے اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ مذکورہ ڈائیلاگز پر سین شوٹ نہیں کروائیں گی۔

انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک بار یاسر نواز بالوں کو خشک کرنے کے لیے ڈرائر چلا رہے تھے تو انہوں نے سینیئر اداکار کو ٹوکا، انہیں دور جانے اور ان کی کرسی تبدیل کرنےکو کہا۔

نوید رضا نے علیزے شاہ سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کم عمر ہیں، انہیں اداکاری میں آگے جانا ہے، وہ اگر سینیئرز کے ساتھ ایسا رویہ رکھیں گی تو ان کا کیا ہوگا؟

اداکار کا کہنا تھا کہ یاسر نواز کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے بجائے علیزے شاہ کو شکر کرنا چاہیے تھا کہ سینیئر اداکار نے ان کے ساتھ کام کرنے کی ہامی بھری۔

اسی طرح انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیزے شاہ نے ہمایوں سعید کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اور کورونا کی وجہ سے ڈرامے کی شوٹنگ پر ان کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کیا۔

نوید رضا نے بتایا کہ یاسر نواز جیسے شخص نے بھی ہمایوں سعید کی کسی بات پر انکار نہیں کیا مگر علیزے شاہ نے ان کی باتیں نہ مانیں اور انہیں یہ تک طعنہ دیا کہ ’وہ انہیں شوبز میں کام نہیں دلوا سکتے بلکہ وہ خود حاصل کرلیں گی۔‘

انہوں نے کہا کہ علیزے شاہ کو اپنے گھر کے معاملات کام کی جگہ پر نہیں لے کر آنے چاہیے، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید وضاحت نہیں کی۔

خیال رہے کہ علیزے شاہ، یاسر نواز اور نوید رضا نے 2020 کے مقبول ڈرامے ’میرا دل، میرا دشمن‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جسے ہمایوں سعید نے پروڈیوس کیا تھا۔

مذکورہ ڈرامے میں علیزے شاہ نے دولت کی خاطر خود سے دگنی عمر یعنی یاسر نواز سے شادی کی تھی جب کہ جس لڑکے سے وہ محبت کرتی تھیں وہ ان کے شوہر کی بڑی بیٹی کا شوہر بنتا ہے یعنی وہ علیزے شاہ کا داماد بن جاتا ہے۔

مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے حوالے سے یاسر نواز نے جون 2021 میں احسن خان کے پروگرام میں ہی علیزے شاہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں افسوس رہے گا کہ انہوں نے ان کے ساتھ کام کیوں کیا۔

علیرے شاہ اور یاسر نواز نے میرا دل، میرا دشمن ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا تھا—پرومو فوٹو
علیرے شاہ اور یاسر نواز نے میرا دل، میرا دشمن ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا تھا—پرومو فوٹو

بعد ازاں علیزے شاہ نے بھی یاسر نواز کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے علی سفینا کو ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ اگر شوٹنگ سیٹ پر کوئی ان کے ساتھ بدتمیزی کرے گا تو وہ بھی ان کے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کریں گی۔

علیزے شاہ نے کہا تھاکہ جس طرح گھر کے تمام افراد کی ایک دوسرے کے ساتھ بات نہیں بنتی، اسی طرح بعض اوقات شوٹنگ کے دوران بھی کچھ اداکاروں کی ایک دوسرے سے کیمسٹری نہیں ملتی۔

تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ یاسر نواز نے ان کے ساتھ کیا بدتمیزی کی تھی۔

نوید رضا کے تازہ بیان پر تاحال علیزے شاہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024