• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک کے 81 اضلاع میں صنفی تفاوت 10 فیصد سے زائد ریکارڈ

شائع November 22, 2021
بلوچستان کے 33 میں سے 26 اضلاع میں صنفی فرق ہے— فائل فوٹو:اے ایف پی
بلوچستان کے 33 میں سے 26 اضلاع میں صنفی فرق ہے— فائل فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد: ملک بھر کے کل 133 اضلاع میں سے 81 میں ووٹر لسٹوں میں صنفی تفاوت 10 فیصد سے زیادہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 90 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع کے علاوہ باقی تمام اضلاع صنفی فرق فہرست میں شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے 34 میں سے 28 اضلاع بشمول دارالحکومت پشاور، ان علاقوں کی فہرست میں شامل ہیں جہاں مرد اور خواتین ووٹرز میں 10 فیصد سے زیادہ فرق ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں پہلی بار ووٹرز کا صنفی فرق ایک کروڑ 20 لاکھ سے کم ہوگیا

بلوچستان کے 33 میں سے 26 اضلاع، پنجاب کے 37 اضلاع میں سے 17 اور سندھ کے 29 میں سے 9 اضلاع میں بھی ووٹرز میں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ ہے۔

ملک کے 4 اضلاع میں ووٹر لسٹوں میں خواتین کی تعداد 40 فیصد سے بھی کم ہے، بلوچستان کے اضلاع قلعہ عبداللہ اور کوہلو میں خواتین ووٹرز کا تناسب بالترتیب 35.75 اور 37.72 فیصد ہے جبکہ شمالی اور جنوبی وزیرستان (خیبر پختونخوا) میں کُل خواتین رجسٹرڈ ووٹرز بالترتیب 38.69 فیصد اور 39.05 فیصد ہیں۔

اس کے برعکس 7 اضلاع میں 47 فیصد یا اس سے زیادہ خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں بلوچستان کے دو اضلاع بھی شامل ہیں، باقی تمام 5 اضلاع پنجاب کے ہیں، جو بصورت دیگر 3 دوسرے صوبوں کے صنفی فرق سے کہیں زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹرز کے درمیان صنفی فرق ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد تک بڑھ گیا

پنجاب کے ضلع چکوال کو 49 فیصد سے زائد خواتین ووٹرز رکھنے کا اعزاز حاصل ہے، جو اسے ایک رول ماڈل بناتا ہے۔

ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 19 لاکھ ہے جس میں 50.93 فیصد مرد اور 49.07 فیصدخواتین شامل ہیں جبکہ ضلع جہلم میں ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ ہے جس میں 51.89 فیصد مرد اور 48.12 فیصد خواتین شامل ہیں۔

راولپنڈی میں اندراج شدہ ووٹرز کی تعداد 34 لاکھ 30 ہزار ہے جن میں 17 لاکھ 90 ہزار مرد اور 16 لاکھ 40 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 14 ہے جس میں 56 ہزار 545 مرد اور 51 ہزار 469 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: مالیاتی خدمات میں موجود صنفی فرق کو کیسے کم کیا جائے؟

پنجاب کے ضلع خوشاب میں 90 ہزار 300 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں 52.58 فیصد مرد اور 47.42 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

بلوچستان کے ضلع واشک میں ووٹرز کی کل تعداد 63 ہزار 241 ہے، جن میں 33 ہزار 519 مرد اور 29 ہزار 722 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پنجاب کے 15 اور سندھ کے ایک ضلع میں مرد اور خواتین ووٹرز میں 2 لاکھ سے زیادہ کا فرق ہے۔

پنجاب کے صرف 5 اضلاع میں صنفی فرق 20 لاکھ سے زیادہ ہے، جس میں صرف لاہور اور فیصل آباد کا حصہ 10 لاکھ کے قریب ہے۔

ضلع لاہور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کُل تعداد 60 لاکھ ہے جس میں 33 لاکھ مرد اور 27 لاکھ 70 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024