• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

انیل کپور کی بیوی کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی، بشریٰ انصاری

شائع November 20, 2021
اداکارہ کے مطابق انہیں تین بولی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق انہیں تین بولی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ، لکھاری، گلوکارہ و ہدایت کارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ کی چند فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی، جس میں سے ایک فلم میں انہیں انیل کپور کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی۔

بشریٰ انصاری چند دن قبل پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز سمیت شوبز میں گزاری گئی زندگی کی یادوں پر باتیں کی۔

پروگرام کے دوران بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہوں نے 9 سال کی عمر سے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور وہ ایک طرح سے بچوں کی ہیروئن ہوتی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں بچوں کے پروگرام میں ’پری‘ بنا کر بٹھایا جاتا تھا اور انہوں نے اس زمانے میں بچوں کے ہی پروگرام میں بنگالی زبان میں گانا گاکر 20 روپے کا انعام جیتا تھا۔

انہوں نے بنگالی زبان میں گانے گاکر ملنے والے 20 روپوں کو اپنی پہلی کمائی قرار دیا اور بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے مسلسل 15 اور 20 روپے کمائے اور کچھ ہی ماہ میں ان کی کمائی 90 روپے تک جا پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: والدہ کو تاحال بہن کی موت کا نہیں بتایا، بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ والدہ ان سے وہ پیسے لے کر انہیں کبھی چند روپے تو کبھی بہت ہی کم پیسے دیتی تھیں۔

انہوں نے ایک واقعہ بیان کیا کہ والدہ نے انہیں کم عمری میں ان کی فرمائش پر ایک گھڑی دلوائی اور انہیں بتایا گیا کہ وہ 90 روپے کی ہے، تاہم بعد ازاں جب وہ گھڑی ٹوٹ گئی اور وہ انہیں بنوانے گھڑی ساز کے پاس گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ اس کی رقم 16 روپے ہے۔

اداکارہ نے شو میں انتقال کرجانے والے ساتھی فنکاروں کی یادیں بھی شیئر کیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
اداکارہ نے شو میں انتقال کرجانے والے ساتھی فنکاروں کی یادیں بھی شیئر کیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور کے پی ٹی وی سینٹر سے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم جلد ہی وہ اسلام آباد اور کراچی سینٹرز سے بھی کام کرنے لگیں اور چوں کہ اس وقت مشرقی پاکستان بھی ملک کا حصہ تھا، اس لیے اس وقت بچوں اور نوجوانوں کے پروگراموں میں بنگالی زبان کے گانے بھی شامل ہوتے تھے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ والد کی جانب سے پی ٹی وی پر کام کرنے کی وجہ سے انہیں جلد کام کرنے کا موقع ملا مگر ابتدائی طور پر ان پر پابندیاں بھی تھیں۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری اپنے کیریئر پرکتاب لکھنے کی خواہش مند

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ان کی اداکاری کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پسند کیا گیا اور انہیں بولی وڈ فلموں کی پیش کش بھی ہوئی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں بولی وڈ فلم ’خاموش پانی‘ میں مسلمان خاتون ’عائشہ خان‘ کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے 2003 میں بیٹیوں کی تعلیم کی وجہ سے اسے مسترد کیا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں تین بولی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کے مطابق انہیں تین بولی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے پیش کش ٹھکرانے کے بعد ان کی جگہ کرن کھیر کو کاسٹ کیا گیا۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہیں کچھ سال قبل ایک اور بولی وڈ فلم کی پیش کش کی گئی، جس میں انہیں انیل کپور کی بیوی کا کردار ادا کرنا تھا۔

ان کے مطابق انہیں جب فلم کی کہانی بتائی گئی تو انہوں نے انیل کپور کی فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، جس کے بعد ان کی جگہ بولی وڈ اداکارہ شفالی شاہ کو کاسٹ کیا گیا۔

انیل کپور اور شفالی شاہ کی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کے چند سال بعد ہی طلاق لینا چاہتی تھی، بچیوں کی وجہ سے 36 سال بعد لی، بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری نے بات جاری رکھتے ہوئے انکشاف کیا کہ 2018 میں بھی انہیں ییش راج فلمز کی جانب سے اکشے کمار کے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اکشے کمار کی فلم میں سکھ والدہ کا کردار ادا کرنا تھا جب کہ ان کے ساتھ سویرا ندیم کو بھی فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا مگر پھر جموں و کشمیر میں ’پلوامہ‘ حملہ ہوا، جس کے بعد وہ مذکورہ فلم میں کام نہ کر سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجابی، اردو اور انگریزی کے علاوہ انہیں سندھی اور سرائیکی زبان پوری طرح سمجھ آتی ہیں مگر وہ سندھی اور سرائیکی بول نہیں پاتیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024