• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’پاوری گرل‘ دنانیر مبین کی ’صنف آہن‘ سے اداکاری میں انٹری

شائع November 20, 2021
ٹریلر میں دنانیر مبین کے کردار کی جھلک دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ
ٹریلر میں دنانیر مبین کے کردار کی جھلک دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ

ہدایت کار ندیم بیگ کے جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے تمام مرکزی کرداروں کے ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد اب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کردیا۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں ’صنف آہن‘ کی تمام مرکزی اداکاراؤں یعنی سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان، سائرہ یوسف اور کبریٰ خان سمیت سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کرداروں کی فوج میں شمولیت کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔

دنانیر مبین کا کردار معاون یا مختصر ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام
دنانیر مبین کا کردار معاون یا مختصر ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام

ٹریلر کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوشل میڈیا اسٹار ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے جو کہ ’صنف آہن‘ سے اداکاری کی دنیا میں انٹری کرنے جا رہی ہیں۔

دنانیر مبین رواں برس 6 فروری کو راتوں رات اس وقت سوشل میڈیا اسٹار بنی تھیں جب کہ ان کی مختصر ویڈیو ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے‘ کہنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

مذکورہ ویڈیو کے بعد اگرچہ دنانیر مبین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے درمیان بھی کرکٹ ٹیموں کی تشہیری مہم دکھائی دیں اور بعد ازاں انہوں نے مختلف مصنوعات کے اشتہارات میں بھی کام کیا۔

تاہم انہوں نے میڈیا میں شہرت حاصل کرنے کے بعد واضح کیا تھا کہ گھر والوں نے ان کی حدود متعین کر رکھی ہیں اور انہیں اداکاری کی اجازت نہیں ملے گی، لیکن اب جلد ہی وہ اداکاری کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘: سجل علی کا عام لڑکی سے فوجی بننے کے سفر کا ٹیزر سامنے آگیا

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے ’صنف آہن‘ کے ٹریلر میں دنانیر مبین کو فوجی یونیفارم میں تربیت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں تصدیق کی گئی کہ دنانیر مبین ڈرامے میں ’سیدہ سدرہ‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

اگرچہ دنانیر مبین بھی ’صنف آہن‘ کا حصہ ہوں گی، تاہم وہ ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں شامل نہیں، وہ معاون یا مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: ’صنف آہن‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے

ان کی طرح ’صنف آہن‘ میں ماڈل میرب علی، گلوکار عاصم اظہر، عثمان مختار اور شہریار منور بھی معاون یا مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی، کبریٰ خان، سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان اور سائرہ یوسف کے گرد گھومتی ہے، جو کہ عام گھرانوں کی لڑکیاں ہوتی ہیں مگر فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہوجاتی ہے۔

ڈرامے میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا بھی اہم کردار ہے جو کہ ڈرامے میں سری لنکن فوجی کیڈٹ ’نتھمی پریرا‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو تربیت حاصل کرنے پاکستان آتی ہیں۔

’صنف آہن‘ میں سائرہ یوسف مسیحی فوجی لڑکی ’آرزو ڈینیئل‘ جب کہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ‘ جب کہ کبریٰ خان شہری فوجی افسر ’ماہجبین مستان‘ کا کردار ادا کریں گی، سجل علی ڈرامے میں ’کیپٹن دانیال‘ کا کردار ادا کریں گی۔

ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جب کہ اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید اور ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024