• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سشمیتا سین کا اپنی صحت سے متعلق انکشاف

شائع November 20, 2021
اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کیسی سرجری کروائی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کیسی سرجری کروائی—فوٹو: انسٹاگرام

سابق ’مس انڈیا‘ اور ’مس یونیورس‘ بولی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے اپنی 46 ویں سالگرہ پر انکشاف کیا کہ انہوں نے برتھ ڈے سے محض تین دن قبل سرجری کروائی تھی۔

اداکارہ نے 19 نومبر کو اپنی 46 ویں سالگرہ منائی اور اسی دن انہوں نے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں اپنی صحت سے متعلق انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا۔

سشمیتا سین نے سالگرہ کے موقع پر سمندر کنارے کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے برتھ ڈے کو اپنا نیا جنم قرار دیا اور لکھا کہ وہ تمام افراد کو ایک ’راز‘ بتانے جا رہی ہیں۔

اداکارہ نے پوسٹ میں بتایا کہ حال ہی میں اپنی آنے والی ویب سیریز ’آریا ٹو‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد انہیں بعض طبی پیچیدگیاں ہوگئی تھیں اور انہوں نے ان کا علاج کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین کے خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات؟

سابق حسینہ عالم نے بتایا کہ سالگرہ سے چند دن قبل 16 نومبر کو ان کی کامیاب سرجری کی گئی اور اب وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔

اگرچہ اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے سرجری کروانے کا دعویٰ کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کیسی سرجری کروائی؟

ان کی جانب سے صحت سے متعلق انکشاف کیے جانے کے بعد لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ان سے سرجری سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔

بعد ازاں اداکارہ نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مذکورہ معاملے پر مزید بات کی، تاہم اس کے باوجود انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کیا مرض لاحق تھا اور انہوں نے کیسی سرجری کروائی؟

مزید پڑھیں: سشمیتا سین خود سے 15 سال کم عمر شخص سے شادی کرنے کو تیار

اداکارہ کو ویڈیو میں چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ اداکارہ چلنے کے دوران بات کرتے ہوئے ٹھیک انداز میں سانس نہیں لے پا رہیں، ان کی سانس پھولتی محسوس ہوتی ہے۔

اداکارہ نے مداحوں کو کہا کہ ان کی صحت اور سرجری سے متعلق مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اب وہ بلکل ٹھیک ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو اپنا نیا ہیئر اسٹائل دکھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 46 ویں سالگرہ پر اپنا نیا اسٹائل سب لوگوں کو دکھانے کا فیصلہ کیا۔

سشمیتا سین کی جانب سے سرجری کروانے کے انکشاف کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کئی طرح کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں اور خبریں ہیں کہ اداکارہ کو جلد کی بیماری تھی اور ممکنہ طور پر انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی تصدیقی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین نے کم عمر اداکار سے شادی پر خاموشی توڑ دی

سشمیتا سین حالیہ مہینوں میں خود سے 15 سال کم عمر ماڈل روہمن شال کے ساتھ رومانوی تعلقات کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جن سے ان کے گزشتہ تین سال سے تعلقات ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بھی دکھائی دیتے ہیں۔

خود سے کم عمر ماڈل سے تعلقات استوار کرنے سے قبل وہ ماضی میں بھی خود سے کم عمر اداکاروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ تعلقات استوار کر چکی ہیں۔

ماضی میں سشمیتا سین کی محبتوں کے چرچے ہوتے رہے ہیں، ان کا نام پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم سمیت فلم ڈائریکٹر وکرم بھٹ اوراداکار رندیپ ہودا سمیت متعدد کاروباری شخصیات کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔

سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین پاکستان آنے کے لیے پر امید

سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک’ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 45 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، اسٹار اسکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے۔

سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024