• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فلک شبیر اور علیزے شاہ کا گانا ’یاداں‘ ریلیز

شائع November 20, 2021
گانے کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا—پرومو فوٹو
گانے کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا—پرومو فوٹو

گلوکار و موسیقار فلک شبیر نے اداکارہ، ماڈل و گلوکارہ علیزے شاہ کے ہمراہ پنجابی رومانوی گانا ’یاداں‘ ریلیز کردیا۔

فلک شبیر نے پنجابی زبان میں گلوکاری سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے اب تک ڈیڑھ درجن سے زائد گانے ریلیز کیے ہیں۔

فلک شبیر اور علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر کچھ دن قبل ’یاداں‘ کے ٹیزر اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جلد ان کا گانا ریلیز ہوگا اور اب انہوں نے گانا جاری کردیا۔

’یاداں‘ کو ’میسو مکس ریکارڈز‘ کے لیبل تلے یوٹیوب پر جاری کیا گیا اور اسی لیبل کے تحت گلوکار پہلے بھی اپنے گانے جاری کر چکےہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کے بعد فلک شبیر کا پہلا گانا ’زندگی‘ ریلیز

’یاداں‘ کی شاعری بھی انہوں نے خود ہی لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی بھی انہوں نے خود ہی ترتیب دی ہے۔

’یاداں‘ میں علیزے شاہ اور فلک شبیر کو رومانوی جوڑے کے طور پر دکھایا گیا ہے، تاہم ساتھ ہی علیزے شاہ کو دوسرے شخص سے بھی رومانوی تعلقات میں دکھایا گیا ہے۔

گانے میں جہاں رومانوی مناظر شامل ہیں، وہیں اس میں جذباتی سین بھی ہیں اور شائقین نے گانے کی ویڈیو کی تعریفیں بھی کیں۔

علیزے شاہ کی جانب سے گانے کے ٹیزر اور تصاویر شیئر کیے جانے پر مداحوں نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

مزید پڑھیں: اداکاری کے بعد علیزے شاہ کی گلوکاری کے میدان میں انٹری

علیزے شاہ اور فلک شبیر پہلی بار گانے میں ایک ساتھ دکھائی دیے ہیں، اس سے قبل گلوکار اہلیہ سارہ خان سمیت دیگر اداکاراؤں اور ماڈلز کے ہمراہ گانے جاری کر چکے ہیں۔

فلک شبیر کے متعدد گانے بھارتی پنجابی فلموں سمیت بولی وڈ فلموں کا بھی حصہ ہیں جب کہ پنجابی میں گلوکاری کرنے کی وجہ سے بھارتی پنجاب میں بھی ان کے مداح موجود ہیں۔

فلک شبیر کے مشہور گانوں میں ’زندگی، ماہی وے، درد کہانی، جا بے وفا، یار ملا دے، وچھوڑا اور تیرا ساتھ ہو‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلک شبیر نے 2008 میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا، انہوں نے جولائی 2020 میں معروف اداکارہ سارہ خان سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں گزشتہ ماہ اکتوبر کے آغاز میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے الیانا فلک رکھا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024