جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر پر غنا علی کی وضاحت
ماڈل و اداکارہ غنا علی نے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے مداحوں کو کہا ہے کہ وہ ان سے متعلق چلنے والی غلط خبروں پر یقین نہ کریں۔
غنا علی نے رواں برس صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص عمیر گلزار سے 17 مئی کو شادی کی تھی۔
شادی کے چار ماہ بعد 27 ستمبر کو اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ وہ امید سے ہیں اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
اداکارہ کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کیے جانے کے دو ماہ بعد حال ہی میں سوشل میڈیا پر افواہیں تھیں کہ غنا علی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: غنا علی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع
بعض سوشل میڈیا پیجز، یوٹیوب چینلز پر جہاں غنا علی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر شیئر کی گئی، وہیں بعض یوٹیوب چینلز نے بتایا کہ اداکارہ کے ہاں جلد جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔
اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر پھیلنے کے بعد غنا علی نے 19 نومبر کو انسٹاگرام اسٹوری میں ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔
غنا علی نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش نہیں ہوئی اور اس حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔
اداکارہ نے مختصر اسٹوری میں مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی۔
مزید پڑھیں: اداکارہ غنا علی کا 'نئی زندگی' کا آغاز
غنا علی سوشل میڈیا پر اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش سمیت دیگر مسائل پر معلومات شیئر کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ انہوں نے شوہر سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر بھی انسٹاگرام کے ذریعے لوگوں کو جوابات دیے تھے۔
غنا علی نے انسٹاگرام پر ہی مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ان کے شوہر پہلے سے ہی شادی شدہ تھے اور یہ کہ وہ بہت ہی زیادہ دولت مند نہیں ہیں۔
اداکارہ نے تاحال ان خبروں کی وضاحت نہیں کی ہے کہ ان کے شوہر کو پہلی اہلیہ سے بچے بھی ہیں یا نہیں اور انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان کے شوہر نے پہلی بیوی کو طلاق دی ہے یا نہیں؟
اداکارہ کی شادی کے فوری بعد ہی ان پر سوشل میڈیا پر الزامات لگائے گئے تھے کہ انہوں نے پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے والد سے پیسوں کی خاطر شادی کی۔