• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

سردیوں کیلئے گیس منیجمنٹ پلان کی منظوری، صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی کا اعادہ

شائع November 18, 2021
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسدعمر کی زیر صدارت ہوا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسدعمر کی زیر صدارت ہوا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں ملک میں سردیوں کے دوران صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی گیس منیجمنٹ پلان کی منظوری دے دی گئی۔

وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی جانب سے جاری بیان کےمطابق اسلام آباد میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر کی زیر صدارت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: خدشہ ہے گیس کی قلت برآمدات کی نمو کو سست کردے گی، عبدالرزاق داؤد

بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے آنے والی سردیوں کے لیے ملک میں گیس کی فراہمی اور طلب کا منصوبہ پیش کیا اور اس حوالے سے تفصیلی طور پر پالیسی بھی بیان کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی صارفین کی طلب میں اضافے کو پاور جنریشن سے بچت کے ذریعے پورا کیا جائے گا اور صارفین کو گیس کی مستحکم فراہمی یقینی بنانے کے لیے پریشر منیجمنٹ منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سی این جی کے لیے سپلائی سردیوں کے دوران کم کردی جائے گی، گیس منیجمنٹ منصوبے میں صنعتی سرگرمیوں خاص طور پر برآمدی صنعت پر توجہ دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے طلب کے حوالے سے پیش کی گئیں تجاویز منظور کرلی اور کہا گیا کہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں سپلائی کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی نے کراچی میں کیماڑی کے آئل انسٹالیشن ایریا پر آئل اسٹوریج کی تعمیر کے لیے بحری امور ڈویژن کی پیش کی گئی سمری کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بندرگاہوں میں اسٹوریج کے ناکافی انفراسٹرکچر کی وجہ سے سپلائی چین میں رکاؤٹ آتی ہے اور اس کے نتیجے میں لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: سی این جی کی قیمت میں 10.30 روپے فی کلو تک اضافہ

کابینہ کمیٹی نے دستیاب مواقع اور صورت حال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جس میں منصوبہ بندی کمیشن کے رکن، سیکریٹری پیٹرولیم اور سیکریٹری توانائی بھی شامل ہوں گے۔

ذیلی کمیٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی تجاویز کابینہ کمیٹی کو پیش کرے گی۔

بیان کے مطابق کابینہ کمیٹی نے توانائی ڈویژن کی ماہانہ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا، جس میں پاور پلانٹس کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفیصلات شامل تھیں۔

کمیٹی کو یقین دلایا گیا کہ مسائل کے حل کے لیے عمل درآمدی منصوبہ زیر عمل ہے تاکہ مسائل سے نمٹا جاسکے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں خزانہ، توانائی، بحری امور، سائنس اور ٹیکنالوجی، ریلوے کے وزرا ، وزیراعظم کےمشیر برائے صنعت و تجارت، معاون خصوصی سی پیک، چیئرمین اوگرا، چیئرمین نیپرا، ریگیولیٹری اتھارٹیز کے نمائندوں اور وزارتوں، ڈویژنز کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024