• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پریتی زنٹا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

شائع November 18, 2021
اداکارہ نے 2016 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
اداکارہ نے 2016 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

شادی کے بعد اسکرین سے دور رہنے والی بولی وڈ کی ’ڈمپل گرل‘ کہلائی جانے والی اداکارہ پریتی زنٹا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوگئی۔

اداکارہ نے فروری 2016 میں دیرینہ بوائے فرینڈ جین گڈ اناف سے سادگی سے شادی کی تھی، ان کے درمیان کئی سال سے تعلقات تھے۔

پریتی زنٹا نے 18 نومبر کو سوشل میڈیا پوسٹس میں شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوگئی۔

اداکارہ نے پوسٹ میں مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں بیٹا اور بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے اور وہ زندگی کے نئے سفر پر انتہائی خوش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریتی زنٹا کی خفیہ شادی؟

اداکارہ کے مطابق انہوں نے بیٹی کا نام ’جیا‘ جب کہ بیٹے کا نام ’جے‘ رکھا ہے۔

اداکارہ نے پوسٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے جڑواں بچوں کو خود جنم نہیں دیا۔

پریتی زنٹا نے کرائے کی کوکھ یعنی بچوں کو جنم دینے والی خاتون کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے لیے ’سروگیسی‘ کے عمل کا سہارا لیا، یعنی ان کے بچوں کو دوسری خاتون نے جنم دیا۔

مزید پڑھیں: پریتی زنٹا کی شادی کی تصاویر سامنے آگئیں

خیال رہے کہ ’سروگیسی‘ عمل کے تحت ماں اور باپ کے اسپرم دوسری خاتون کی بچے دانی میں طبی طریقے سے داخل کیے جاتے ہیں۔

اداکارہ نے ’سروگیسی‘ کے ذریعے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی کامیاب پیدائش پر ڈاکٹرز اور نرسز کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہوں نے بچوں کو جنم دینے والی خاتون کی بھی تعریفیں کیں۔

پریتی زنٹا نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے جڑواں بچوں کی پیدائش کے لیے کسی بھارتی خاتون کی کوکھ کرائے پر حاصل کی گئی یا پھر یہ عمل بیرون ملک سر انجام دیا گیا۔

تاہم عام طور پر دنیا بھر کے لوگ ’سروگیسی‘ یعنی کرائے کی کوکھ حاصل کرنے کے لیے بھارت کا رخ کرتے ہیں، کیوں کہ وہاں پر یہ عمل جلد اور سستا ہوجاتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

پریتی زنٹا شادی کے بعد اسکرین سے دور ہیں، تاہم انہیں شوز میں بطور مہمان دیکھا جاتا ہے۔

حال ہی میں انہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز میں بھی دیکھا گیا تھا۔

پریتی زنٹا کا شمار بولی وڈ کی مقبول اور حسین ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہیں رواں برس اگست میں شوبز میں 23 سال مکمل ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024