• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کا کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، شاہ محمود قریشی

شائع November 17, 2021
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث صرف 3ماہ کے لیےکرتار پور راہداری کو بند کی تھا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث صرف 3ماہ کے لیےکرتار پور راہداری کو بند کی تھا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے کرتار پور راہداری کھولنے کے فیصلے کو خوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کرے۔

شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر صرف 3ماہ کے لیےکرتار پور راہداری کو بند کیا تھا لیکن ہندوستان نے گزشتہ 20 ماہ سے کرتار پور راہداری پر قدغن لگا رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے بی جے پی کی حکومت پر راہداری کھولنے کیلئے بے پناہ دباؤ تھا بالآخر ہندوستان نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج سے سکھ یاتری اس راہداری سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے کرتار پور راہداری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے یہ راستہ کھولا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی اقلیتیں ہیں انہیں اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے۔

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بھی اپنے رویے پر نظر ثانی کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کرے کہ لوگ جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد میں جاسکیں۔

یاد رہے بھارت نے گزشتہ روز ہزاروں سکھ یاتریوں کو باباگرونانک کے جنم دن سے متعلق تقربیات سے قبل پاکستان آنے کے لیے سرحد کھولنے کی اجازت دی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے 3 ہزار ویزے جاری کر دیے

بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا تھا کہ جمعے کو باباگرونانک کے جنم دن کے موقع کی مناسبت ہونے والی تقریبات کے پیش نظر کرتارپور راہداری بدھ سے کھول دی جائےگی۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘اہم فیصلے سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری مستفید ہوں گے، وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرتارپور صاحب راہداری کل سے کھول دی جائے گی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ کرتارپور صاحب راہداری کھولنے کے حکومتی فیصلے سے ملک بھر میں مزید خوشیاں اور جشن ہوگا’۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر تک گرو نانک کے 552ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے تقریباً 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024