• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’صنف آہن‘: سائرہ یوسف اور رمشا خان کے کرداروں کے ٹیزر جاری

شائع November 17, 2021
دونوں کو عام گھرانوں سے نکل کر فوج کا حصہ بنتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
دونوں کو عام گھرانوں سے نکل کر فوج کا حصہ بنتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ تھرلر ڈرامے ’صنف آہن‘ میں اداکارہ سائرہ یوسف اور رمشا خان کے کرداروں کے ٹیزر بھی جاری کردیے گئے، جن میں انہیں عام زندگی چھوڑ کر فوج کا حصہ بنتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دونوں اداکاراؤں کے کردار سے قبل سجل علی، کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر بھی جاری کیے گئے تھے۔

سب سے پہلے سجل علی کے کردار کا ٹیزر 13 نومبر کو جاری کیا گیا تھا، جس میں انہیں ایک عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا تھا۔

ان کے بعد کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر 15 نومبر کو جاری کیے گئے تھے، جن میں انہیں فرسودہ روایات کو توڑ کر پاک فوج کا حصہ بنتے دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

اب سائرہ یوسف اور رمشا خان کے کرداروں کے ٹیزر جاری کردیے گئے، جن میں انہیں پاک میں شامل ہوکر روایات کو تبدیل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سائرہ یوسف کے جاری کیے گئے ٹیزر میں انہیں ایک مسیحی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو یوحنا آباد سے نکل کر پاک فوج کا حصہ بنتی ہیں۔

ٹیزر میں انہیں رومانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا اور ان کے بوائے فرینڈ ان کی فوج میں شمولیت پر اعتراض بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سائرہ یوسف ’صنف آہن‘ میں آرزو ڈینیئل کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو بچپن سے ہی بہادری کی زندگی گزارتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: 'صنفِ آہن' میں کبریٰ خان اور سجل علی کے کرداروں کی جھلک سامنے آگئی

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ آرزو ڈینیئل یعنی سائرہ یوسف کو پاک فوج کا حصہ بننے کے لیے والد کی سپورٹ ہوتی ہے۔

مختصر ٹیزر میں انہیں عام مسیحی لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں سخت ٹریننگ کرتے اور ہتھیار چلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ان کی طرح رمشا خان کے کردار کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا جو کہ ڈرامے میں پرویش جمال کے نام سے بلوچ لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ان کے جاری کیے گئے ٹیزر میں انہیں روایتی بلوچ قبائل کی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو کہ کم عمری میں ہی ہتھیار چلاتی دکھائی دیتی ہیں، جس پر انہیں والدہ بھی ٹوکتی ہیں۔

انہیں بلوچ قبائلی سردار کے زیر اثر خاندان کے فرد کے طور پر دکھایاگیا ہے جب کہ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ فوج میں ان کی شمولیت پر سردار بھی ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

انہیں قرض میں ڈوبے خاندان کے ایسے فرد کے طور پر دکھایا گیا ہے جو زائد العمری میں والدین کا سہارا بنتا ہے۔

دونوں اداکاراراؤں نے اپنے کرداروں کے ٹیزر جاری کیے جب کہ ہدایت کار ندیم بیگ نے بھی ان کے کرداروں کی ویڈیوز شیئر کیں۔

’صنف آہن‘ کی کہانی عام گھرانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جو بعد ازاں فوجی افسر بنتی ہیں۔

سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی، عاصم اظہر، علی رحمٰن، عثمان پیرزادہ، صبا حمید اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024