• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

راج کمار راؤ اور پترا لیکھا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

شائع November 16, 2021
دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے شادی کی تصدیق کی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے شادی کی تصدیق کی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار راج کمار راؤ اور اداکارہ پترا لیکھا پال شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کو نئی زندگی شروع کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

راج کمار اور پترا لیکھا کی شادی کی تقریبات 13 نومبر کو ان کی منگنی سے ہوئی تھیں، ان کی شادی کی مرکزی تقریبات ریاست پنجاب اور ہریانہ کے درالحکومت ’چندی گڑھ‘ کے پرتعیش مقام پر ہوئیں۔

راج کمار راؤ نے انسٹاگرام پر 15 نومبر کی شب رات دیر گئے دلہن کے ہمراہ شادی کی تقریبات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: راج کمار راؤ اور پترا لیکھا آئندہ ہفتے شادی کریں گے، بھارتی میڈیا

اداکار نے لکھا کہ انہوں نے 11 سال تک پترا لیکھا سے محبت میں گزارنے کے بعد بالآخر انہیں اپنا جیون ساتھی بنا کر نئی زندگی شروع کردی۔

انہوں نے اپنی اہلیہ کو اپنا سکون، محبت، خوشی اور سب کچھ قرار دیتے ہوئے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے اس سے بڑھ کر اور کوئی اعزاز اور خوشی کی بات نہیں کہ انہیں اب پترا لیکھا کا پتی کہا، لکھا اور پکارا جائے گا۔

انہوں نے شادی کے دوران کھچوائی گئی دو تصاویر بھی شیئر کیں جن میں پترا لیکھا کو روایتی سرخ عروسی لباس جب کہ راج کمار کو سفید لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک تصویر میں راج کمار اہلیہ کے بالوں میں زیور بھی سجاتے دکھائی دیے۔

ان کی طرح پترا لیکھا پال نے بھی وہی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

مزید پڑھیں: راج کمار راؤ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، بھارتی میڈیا

انہوں نے بھی شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اپنی محبت، ساتھی، سکون اور خوشی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے بھی راج کمار کی پتنی کہلانے کا اعزاز سب سے عزیز اور اہم ہے۔

دونوں کی تصاویر پر شوبز شخصیات، سیاسی و سماجی افراد سمیت ان کے مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

دونوں کی شادی کی تقریبات چندی گڑھ کے اوبرائے سکھ ولاس سپا ریزورٹ میں ہوئیں جو کہ امیر لوگوں کی شادی کی تقریبات کے لیے اولین پسند رہا ہے اور ان کی شادی کی رسومات میں اہم شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پترا لیکھا اور راج کمار راؤ کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے تعلقات تھے اور دونوں کو انتہائی قریب سے بھی دیکھا جاتا رہا ہے۔

تین سال قبل 2018 میں اداکارہ پترا لیکھا نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا تھا کہ اگرچہ دونوں کا شادی کا ارادہ ہے مگر فی الحال دونوں اپنے کیریئر پر توجہ دینے میں مصروف ہیں۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ دونوں کم از کم 5 سال تک شادی نہیں کریں گے۔

اداکارہ پترا لیکھا پال نے 2014 میں ہنسل مہتا کی فلم ’سٹی لائٹس‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک ان کی ایک درجن کے قریب فلمیں سامنے آئی ہیں۔

راج کمار راؤ نے 2010 سے پولیٹیکل تھرلر فلم ’رن‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ تین درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

راج کمار راؤ زیادہ تر معاون کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم انہوں نے ایک درجن سے زائد فلموں میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں۔

دونوں نے کی شادی 15 نومبر کو ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے کی شادی 15 نومبر کو ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024