• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی ریاست منی پور میں باغیوں کا حملہ، کرنل سمیت 5 فوجی ہلاک

شائع November 13, 2021
بھارتی پیرا ملٹری فورسز ضلع چوراچندپور کے قریب گشت پر مامور تھیں کہ باغیوں نے حملہ کردیا— فوٹو بشکریہ
بھارتی پیرا ملٹری فورسز ضلع چوراچندپور کے قریب گشت پر مامور تھیں کہ باغیوں نے حملہ کردیا— فوٹو بشکریہ

میانمار کی سرحد سے متصل شمال مشرقی بھارتی ریاست منی پور میں باغیوں کے مبینہ حملے میں کرنل سمیت پانچ بھارتی فوجی اور دو شہری ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ریاستی دارالحکومت امفل کے پولیس افسر نے بتایا کہ بھارتی پیرا ملٹری فورسز ضلع چوراچندپور کے قریب گشت پر مامور تھیں کہ اس دوران باغیوں نے ان پر حملہ کردیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: ماؤ باغیوں کے حملے میں بی جے پی کا رکن اسمبلی محافظوں سمیت ہلاک

حملے میں بھارتی پیراملٹری فورس کی آسام رائفلز کے کرنل کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی اور بیٹا بھی مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ باغیوں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس سے تمام ساتوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

حملے کے بعد فوری طور پر کمک بھیج کر واقعے میں ملوث باغیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ عین ممکن ہے کہ یہ حملہ منی پور کے مقامی باغی گروپ پیپلز لبریشن آرمی نے کیا ہو کیونکہ یہ گروپ بھارتی حکومت کے خلاف ایک عرصے سے لڑ رہا ہے۔

پولیس کے دعوؤں کے برعکس اس وقت کسی بھی باغی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ماؤ باغیوں کے حملے میں ہلاک 17 اہلکاروں کی لاشیں برآمد

بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ حملہ منی پور میں صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان کیا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سیہکن گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں بھاری ہتھیاروں سے مسلح دہشت گردوں نے آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فوجی قافلے پر فائرنگ کردی۔

منی پور پولیس کے ذرائع کے مطابق یہ حملہ علاقے میں متحرک چار باغی گروپوں نے مل کر کیا ہے اور فائرنگ سے قبل دھماکا بھی ہوا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام رائفلز کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں آج شہید ہونے والے فوجیوں اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی نے اس حملے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حوکمت ایک مربتہ پھر ملک کے تحفظ میں ناکام ہو گئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: مسلح ملزمان نے گھات لگا کر افسر سمیت 8 اہلکار ہلاک کردیے

منی پور کو کئی دہائیوں سے بغاوت کا سامنا ہے کیونکہ یہاں کی قبائلی آبادی ایک علیحدہ زمین اور بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرتی ہے۔

اس علاقے میں 20 سے زائد باغی گروپ سرگرم ہیں اور اگلے سال اس علاقے میں انتخابات بھی شیڈول ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024