• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

باجوڑ میں راغگان ڈیم کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

شائع November 13, 2021
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا —فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا —فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں راغگان ڈیم کے نزدیک پولیس اہلکاروں کو امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

ضلعی پولیس افسر صمد خان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکار ڈیم کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب اہلکاروں کو آئی ای ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: کرم میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، دو اہلکار شہید

ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک سپاہی اور ایک حوالدار شامل ہے۔

بعد ازاں دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ایک اضافی چوکی بھی قائم کردی گئی۔

اس سے قبل ضلع باجوڑ میں 21 اکتوبر کو ریموٹ کنٹرول دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

'آئی ایس پی آر' کے مطابق باجوڑ کے علاقے ڈبرائی میں آئی ای ڈی دھماکا سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ہوا۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے باجوڑ میں فوجی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، 2 جوان شہید

دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے 28 سالہ لانس نائیک مدثر اور 26 سالہ سپاہی جمشید شہید ہوئے جن کا تعلق بالترتیب کوہاٹ اور کراچی سے تھا۔

دھماکے میں 2 پولیس کانسٹیبلز سپاہی عبدالصمد اور سپاہی نور رحمٰن بھی شہید ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024