• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کی بلوچستان کے شمالی علاقوں کیلئے ترقیاتی پیکج تیار کرنے کی ہدایت

شائع November 13, 2021
وزیراعظم نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران دیں — فائل فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران دیں — فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم عمران خان نے پلاننگ کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع کی طرح شمالی علاقوں کے لیے بھی ایک خصوصی ترقیاتی پیکج تیار کیا جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ ہدایات وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ملاقات کے دوران دیں۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے متعدد معاملات پر گفتگو کی جس میں صوبے کی مالی اور ترقیاتی ضروریات، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا اطلاق اور کام کی رفتار بشمول صوبے کے 9 جنوبی اضلاع کے لیے 6 کھرب روپے کا اعلان کردہ ترقیاتی پیکج شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا بلوچستان کے پسماندہ جنوبی اضلاع کیلئے 600ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ملک کے دیگر ترقیاتی علاقوں کے برابر لانا اور وہاں کے عوام کے احساس محرومی کو دور کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مکران کو نیشنل گرڈ سے ملانے اور بلوچستان میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر واپڈا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر برہمی کا اظہار کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے پلاننگ کمیشن، واپڈا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ ’بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر کمیٹی تشکیل دے دی

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کو مالیاتی صورتحال، ترقیاتی امور، وفاقی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے منصوبوں پر عملدرآمد اور صوبے کی دیگر ضروریات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے انہیں پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدوں کی بندش کی وجہ سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بے روزگاری کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اشیا کا تبادلہ اور سرحدی تجارت بند ہونے سے ہزاروں لوگ نوکریوں اور روزگار سے محروم ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے انتظامات کرنا ناگزیر تھے تاکہ ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدوں پر مارکیٹس قائم کرنے کے منصوبوں پر عملدرآمد تک وہ اپنی روزی روٹی کما سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے، وزیر اعظم

ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم نے وفاقی اداروں کو سرحدی علاقوں میں اشیا کے تبادلے اور سرحدی تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو بھی بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024