• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

روپے کی قدر میں کمی، فریٹ کی قیمت میں اضافے پر گاڑیوں کی قیمتیں بڑھا دی گئیں

شائع November 11, 2021
اسمبلرز کا کہنا ہے کہ کاروں کی قیمت میں اضافے کی اہم وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسمبلرز کا کہنا ہے کہ کاروں کی قیمت میں اضافے کی اہم وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

چار ماہ قبل وفاقی بجٹ میں ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کٹوتی کے بعد جولائی کے دوسرے ہفتے میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان بہت بڑھ چڑھ کر کیا گیا تھا لیکن یہ کمی صرف 3 ماہ ہی برقرار رہ سکی اور اس کے بعد اسمبلرز نے حالیہ ایام میں ایک بار پھر تیزی سے قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں اسمبلرز کی جانب سے مقامی سطح پر بنائی جانے والی کاروں اور ایس یو ویز کی قیمتوں میں 62 ہزار سے 4 لاکھ روپے تک کمی کی گئی تھی۔

تاہم نومبر کے آغاز میں گاڑیوں کی قیمت میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا، اسمبلرز کا کہنا ہے کہ فریٹ کی قیمتوں میں اضافہ، کنٹینرز کی کمی، خام مال کے اضافی اخراجات اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تازہ ترین کمی گاڑیوں کی قیمت میں اضافےکی وجہ ہے۔

مزید پڑھیں: اگست میں گاڑیوں کی فروخت میں 93 فیصد اضافہ ہوا

9 نومبر کو لکی موٹرز کورپوریشن لمیٹڈ (ایل ایم سی ایل) نے مقامی سطح پر تیار کردہ اور برآمد شدہ گاڑیوں کی قیمت میں 2 لاکھ 28 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک اضافہ کیا۔

اس ہی دوران ٹویوٹا کی گاڑیوں کی قیمت میں ایک لاکھ 40 ہزار روپے سے 5 لاکھ 80 ہزار روپے تک اضافہ دیکھا گیا جبکہ دیگر اسمبلرز بھی صارفین کو متاثر کرنے کی اسی راہ پر گامزن ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) نے سٹی، سوک اور بی آر وی گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمت میں ایک لاکھ 30 ہزار سے 4 لاکھ 85 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔

حال ہی میں مارکیٹ میں آنے والی ہونڈا سٹی کی قیمت میں بھی ایک لاکھ 30 ہزار سے ایک لاکھ 95 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگل آٹو موبائل انڈسٹری لمیٹڈ (ریل) نے رواں ہفتے مختلف ماڈلز پر 2 لاکھ سے 4 لاکھ روپے بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹو اسمبلرز گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کرنے کو تیار

یاد رہے کہ ماسٹر گروپ کی کمپنی چنگان پاکستان نے مالی سال 2022 کے بجٹ میں ڈیوٹی اور ٹیکسز میں کمی کے بعد دیگر اسمبلرز کے ساتھ قیمتوں میں کٹوتی کی تھی، تاہم انہوں نے اگست کے وسط میں سب سے پہلے گاڑیوں کی قیمت میں دوبارہ اضافہ کیا۔

تاہم اس وقت حکومتی مداخلت کے بعد اسمبلرز نے قیمتوں میں اضافہ معطل کردیا تھا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ بڑے اسمبلرز کو حکومت کی جانب سے کوئی اشارہ دیا گیا ہے یا وہ فریٹ، شرح تبادلہ اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے سے پیداوار کے اخراجات سے خود متاثر ہو رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کبھی اس بات پر غور نہیں کیا کہ اسمبلرز نے اگست 2020 سے مئی 2021 تک ڈالر کی قدر میں اضافے کے اثرات کو صارفین تک پہنچنے نہیں دیا۔

اگست 2020 میں ڈالر کی قیمت 167 روپے 80 پیسے تھی جبکہ اس کے مقابلے مئی 2021 میں ڈالر 152 روپے سے 153 روپے میں دستیاب تھا۔

مزید پڑھیں: ہونڈا موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

انڈس موٹر کمپنی ( آئی ایم سی) نے ٹاپ لائن سیکیورٹیز بریفنگ میں کہا کہ سیمی کنڈکٹر چپ کی کمی کی وجہ سے کمپنی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور یہ بھی ایک وجہ ہے جس سے دیگر اسمبلرز کے مقابلے میں آئی ایم سی کی کاروں کی ترسیل میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ان سائٹ سیکیورٹیز کے مطابق ٹویوٹا اسمبلرز کے پاس اپریل 2022 تک کے لیے چپ کا ذخیرہ موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپریل میں چپ کی فراہمی یا پیداوار میں معمولی کمی کا سامنا ہوگا۔

آئی ایم سی کی انتظامیہ کا ماننا ہے کہ آٹو فنانسنگ کے قواعد میں سختی فورچونر پر اثر انداز ہوسکتی ہے، تاہم ممکنہ طور پر ہائی لیکس کی فروخت پر فورچونر کے مقابلے زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024