• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملالہ یوسف زئی کے شریک حیات کون ہیں؟

شائع November 10, 2021
سماجی رہنما نے عصر ملک کے ساتھ 9 نومبر کو نکاح کیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
سماجی رہنما نے عصر ملک کے ساتھ 9 نومبر کو نکاح کیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دسمبر 2014 میں محض 16 سال کی عمر میں دنیا کا اہم ترین ایوارڈ ’نوبیل انعام‘ حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی 9 نومبر کو پاکستانی نوجوان عصر ملک سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

ملالہ یوسف زئی کو تو دنیا بھر کے لوگ جانتے ہیں، تاہم ان کے شریک حیات سے متعلق نہ صرف دنیا کے دیگر ممالک بلکہ پاکستانیوں کو بھی بہت ہی کم معلومات ہے۔

ملالہ یوسف زئی کی جانب سے 9 نومبر کی شب نکاح کی تصدیق کیے جانے کے بعد پاکستانی انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ عصر ملک سے متعلق ہی معلومات تلاش کرتے دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ یوسف زئی عصر ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک

عصر ملک اگرچہ عوامی شخصیت نہیں ہیں، تاہم وہ کھیل اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے جانی پہچانی شخصیت ہیں اور وہ اسپورٹس منیجمنٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

عصر ملک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مختصر پروفائل کے مطابق وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ’نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر‘ (این ایچ پی سی) میں جنرل منیجر ہیں۔

عصر ملک سے ملالہ کی دیرینہ شناسائی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
عصر ملک سے ملالہ کی دیرینہ شناسائی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

ڈان اخبار کے مطابق عصر ملک کو پی سی بی نے 29 مئی 2020 کو این ایچ پی سی میں ہائی پرفارمنس منیجر کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔

اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطان کی منیجمنٹ سے وابستہ تھے۔

ٹوئٹر پر عصر ملک نے ملالہ کی تنظیم کو بھی فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ
ٹوئٹر پر عصر ملک نے ملالہ کی تنظیم کو بھی فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ

عصر ملک کا تعلق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے متوسط خاندان سے ہے اور انہوں نے اپنی پوری تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کی ہے، وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے تعلیمی یافتہ ہیں۔

عصر ملک نے ٹوئٹر پر جون 2017 میں اکاؤنٹ بنایا تھا اور انہوں نے تاحال محض 982 ٹوئٹس کی ہیں اور ان کے وہاں پر 4 ہزار 402 فالوورز ہیں۔

عصر ملک نے ٹوئٹر پر ملالہ اور ان کے والد کو بھی فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ
عصر ملک نے ٹوئٹر پر ملالہ اور ان کے والد کو بھی فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ

انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ہزار سے زائد افراد کو فالو بھی کر رکھا ہے، انہوں نے جن شخصیات کو فالو کر رکھا ہے، ان میں ان کی شریک سفر ملالہ اور سسر ضیا الدین یوسف بھی شامل ہیں جبکہ حیران کن طور پر انہیں ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹر پر فالو نہیں کیا۔

عصر ملک نے انسٹاگرام پر بھی ملالہ اور ان کی تنظیم کو فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ
عصر ملک نے انسٹاگرام پر بھی ملالہ اور ان کی تنظیم کو فالو کر رکھا ہے—اسکرین شاٹ

اسی طرح اگر عصر ملک کے انسٹاگرام کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ انہوں نے وہاں صرف 21 پوسٹس کی ہیں اور ان کے وہاں 7 ہزار سے زائد فالورز ہیں۔

انسٹاگرام پر عصر ملک نے 55 شخصیات اور اداروں کو فالو کر رکھا ہے اور انہوں نے جن شخصیات کو فالو کیا ہے، اس میں ملالہ اور ان کی تنظیم ملالہ فنڈ بھی شامل ہے۔

عصر ملک نے ملالہ یوسف زئی کے ساتھ سب سے پہلی تصویر بھی انسٹاگرام پر ڈھائی سال قبل جون 2019 میں شیئر کی تھی۔

انہوں نے ملالہ کے ساتھ کھچوائی گئی جو سب سے پہلی تصویر شیئر کی تھی، اس میں ملتان سلطان ٹیم کے مالک علی خان ترین، سابق کرکٹر ثقلین مشتاق، اداکار عدنان ملک اور ملالہ کے چند ساتھی بھی موجود ہیں۔

مذکورہ تصویر انگلینڈ میں پاکستان کی کرکٹ سیریز کے دوران کھینچی گئی تھی۔

علاوہ ازیں عصر ملک نے ٹوئٹر پر بھی ملالہ یوسف زئی اور بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر بھی رواں برس جولائی میں نوبیل انعام یافتہ کارکن کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی تھی۔

عصر ملک اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ملالہ سے متعلق پوسٹس، نوبیل انعام یافتہ کے بیانات، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024