• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’ہم جنس پرست‘ جوڑا دکھانے پر ’اٹرنلز‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی

شائع November 9, 2021
فلم کو 11 نومبر کو خلیجی ممالک میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 11 نومبر کو خلیجی ممالک میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ فنٹیسی سائنس فکشن فلم ’دی اٹرنلز‘ کو اگرچہ پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں ریلیز کیا جا چکا ہے، تاہم اس میں ’ہم جنس پرست‘ جوڑے کو دکھائے جانے پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کردی گئی۔

شوبز ویب سائٹ ’ہولی وڈ رپورٹرز‘ کے مطابق ’اٹرنلز‘ کو سعودی عرب، قطر اور کویت میں 11 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا مگر وہاں سینما انتظامیہ کو فلم کی نمائش کرنے سے روک دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں سینماؤں کی ویب سائٹس پر تاحال فلم کے پوسٹرز موجود ہیں اور شائقین کو بتایا جا رہا ہے کہ فلم کو جلد ریلیز کیا جائے گا، تاہم دیگر خلیجی ممالک میں اس کی ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی۔

شوبز ویب سائٹ نے ذرائع سے بتایا کہ سعودی عرب، قطر اور کویت سمیت دیگر علاقائی ممالک کی سینما انتظامیہ کو ’اٹرنلز‘ کی نمائش کرنے سے روک دیا گیا۔

سینما مالکان کے مطابق انہیں انتظامیہ نے فلم پر پابندی کا سبب نہیں بتایا، تاہم انہیں ہدایات کی گئی ہیں کہ مذکورہ فلم کو نہیں دکھایا جائے گا۔

فلم میں قوت گویائی و سماعت سے محروم خاتون سپر ہیرو کا کردار بھی ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں قوت گویائی و سماعت سے محروم خاتون سپر ہیرو کا کردار بھی ہے—اسکرین شاٹ

’ہولی وڈ رپورٹرز‘ کے مطابق ممکنہ طور پر خلیجی ممالک نے فلم میں ہم جنس پرست جوڑے کو دکھائے جانے پر فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی۔

سعودی عرب، قطر اور کویت جیسے ممالک ماضی میں بھی ہم جنس پرست جوڑوں کو دکھانے پر فلموں پر پابندی لگا چکے ہیں۔

خلیجی ممالک سمیت زیادہ تر مشرق وسطی ممالک میں ہم جنس پرستی کو معیوب سمجھا جاتا ہے اور ایسے رجحانات پر وہاں سزائیں بھی مقرر ہیں جب کہ اس جانب راغب کرنے والے ڈراموں اور فلموں کو بھی وہاں پیش نہیں کیا جاتا۔

دوسری جانب ’اٹرنلز‘ کی اداکارہ انجلینا جولی نے آسٹریلوی نشریاتی ادارے ’نیوز ڈاٹ کام‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی فلم کی ٹیم نے ہم جنس پرستی کے مناظر نکالنے سے انکار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خلیجی ممالک نے فلم کی ٹیم سے مطالبہ کیا تھا کہ ہم جنس پرست جوڑے کے درمیان بوسہ دینے کے مناظر کو نکال کر وہاں فلم ریلیز کی جائے مگر فلم کی ٹیم نے ایسی درخواست ماننے سے انکار کیا۔

زائد العمری میں سلمیٰ ہائیک نے بھی سپر ہیرو کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
زائد العمری میں سلمیٰ ہائیک نے بھی سپر ہیرو کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

’اٹرنلز‘ میں امریکی سیاہ فام اداکار برین ٹائری ہینری اور مصری نژاد ہولی وڈ عرب اداکار ہاز سلیمان نے ہم جنس پرست جوڑے کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں فلم میں ایک دوسرے کو بوسہ بھی دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں ’اٹرنلز‘ میں پہلی بار قوت سماعت و گویائی سے محروم سپر ہیرو خاتون کا کردار بھی دیا گیا ہے۔

’دی اٹرنلز‘ دوسری دنیا سے زمین پر اترنے والے خصوصی صلاحیتوں کے حامل سپر ہیروز کی کہانی پر مبنی ہے، جو زمین پر اترتے ہی یہاں بسنے والے شیطانوں سے مقابلہ کرکے انسانیت کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کمیل ننجیانی بھی فلم کا حصہ ہیں—اسکرین شاٹ
کمیل ننجیانی بھی فلم کا حصہ ہیں—اسکرین شاٹ

’دی اٹرنلز‘ کی ہدایت آسکر ایوارڈ یافتہ ایشیائی فلم ساز چلوئے ژاؤ نے دی ہیں اور اس میں انجلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، کٹ ہرنگٹن، گیما چن، رچرڈ میڈن، بولی وڈ کامیڈین ہریش پٹیل، ڈان لی اور پاکستانی نژاد ہولی وڈ اداکار کمیل ننجیانی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

کمیل ننجیانی وہ پہلے پاکستانی اور جنوبی ایشیائی اداکار ہیں جو ہولی وڈ کی کسی بھی فلم میں سپر ہیرو کے روپ میں دکھائی دیے ہیں۔

فلم کو پاکستان میں رواں ماہ 5 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا جب کہ امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی اسے نومبر کے آغاز میں ریلیز کیا گیا تھا اور اب تک فلم 7 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کر چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024