• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’کھیل کھیل میں‘ پاکستان توڑنے کی بھارتی سازش کی کہانی

شائع November 9, 2021
سجل علی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
سجل علی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

فلم ساز نبیل قریشی کی آنے والی پولیٹیکل تھرلر فلم ’کھیل کھیل میں‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں سقوط ڈھاکا کے حالات دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر میں گلوکار و اداکار علی ظفر، شہریار منور اور جاوید شیخ بھی نظر آئے ہیں۔

ٹریلر میں بلوچستان سے پکڑے گئے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے کو بھی دکھایا گیا ہے جب کہ صوبے میں بھارتی مداخلت کے احوال بھی بتائے گئے ہیں۔

ٹریلر سے کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں یونیورسٹی کے کچھ طلبہ سقوط ڈھاکا پر تھیٹر پیش کرکے بعض حقائق کو سامنے لانے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر انہیں مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی اور بلال عباس 'کھیل کھیل میں' اداکاری کیلئے تیار

ٹریلر میں پاکستان ٹوٹنے اور بنگلادیش بننے کے واقعات کو فکشن میں دکھایا گیا ہے جب کہ ڈھاکا میں پھنس کر رہ جانے والے پاکستانیوں کی حالت زار بھی دکھائی گئی ہے۔

ٹریلر سے عندیہ معلوم ہوتا ہے کہ شائقین کو نہ صرف تھرلر بلکہ سیاست اور تاریخ کے بارے میں مواد بھی دیکھنے کو ملے گا۔

ٹریلر سے قبل گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا، جس میں بہت سارے کرداروں کو نہیں دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں شہریار منور، علی ظفر اور جاوید شیخ سمیت کئی اداکاروں کے کردار بھی دکھائے گئے ہیں۔

فلم کو رواں ماہ 19 نومبر کو سینماؤں میں ریلیز کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’کھیل کھیل میں‘ آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

فلم میں بلال عباس اور سجل علی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے جب کہ منظر صہبائی اور ثمینہ علی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کی ہدایات نبیل قریشی نے دی ہیں اور اسے فضا علی مرزا نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اسے فلم والا پروڈکشن کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

’کھیل کھیل میں‘ وہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی، جسے کورونا کی وبا کے بعد سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا، ملک بھر میں مارچ 2020 میں سینما بند کیے گئے تھے اور تب سے تاحال کوئی فلم ریلیز نہیں کی گئی۔

تقریباً دو سال بعد حال ہی میں نومبر کے آغاز میں کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سینما کھولے گئے ہیں اور ابتدائی طور پر وہاں ہولی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024