• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کیلئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ پاکستان روانہ

شائع November 8, 2021
ٹام ہیریسن رمیز راجاسے ملاقات کریں گے—ای سی بی ویب سائٹ
ٹام ہیریسن رمیز راجاسے ملاقات کریں گے—ای سی بی ویب سائٹ

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سربراہ ٹام ہیریسن ٹیم کے دورے کی منسوخی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ تعلقات میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے پاکستان روانہ ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ای سی بی کے ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجاسے ملاقات کے لیے پاکستان روانہ ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے دورہ پاکستان سے دستبرداری پر مایوسی ہوئی، رمیز راجا

چیئرمین پی سی بی اور سابق کرکٹر رمیزراجا نے کہا تھا کہ جب انگلینڈ نے ستمبر میں اپنا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا تو انہوں نے ‘تذلیل’ محسوس کی تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ کیے ہوئے 16 برس گزر چکے ہیں اور اگلی ٹیسٹ سیریز 2022 میں شیڈول ہے۔

ای سی بی نے رواں برس اکتوبر میں شیڈول دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں ٹیم کے سفر کرنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا اور نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ چھوڑ واپس جانے کے بعد ای سی بی نے دورے کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔

ای سی بی کے فیصلے پر پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے کہا تھا کہ کمیشن نے دورے کی حمایت کی تھی اور یہ فیصلہ ای سی بی نے کھلاڑیوں کے حوالے خدشات پر کیا ہے۔

خیال رہے کہ 2005 کے بعد ہونے والے انگلینڈ کے دورہ پاکستان میں دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے جانے تھے جو راولپنڈی میں 13 اور 14 اکتوبر کو شیڈول تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کا بھی دورہ پاکستان سے انکار

اسی طرح انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کا دورہ بھی انہی دنوں شیڈول تھا اور اس دوران تین ایک روزہ میچز کھیلے جانے تھے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے گزشتہ برس اس وقت انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جب برطانیہ میں کووڈ-19 کی وبا کی لہر دنیا میں بدترین تھی لیکن قومی ٹیم نے تین میچوں کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی اور اس کی وجہ سے ای سی بی کا ٹیلی ویژن کے ساتھ کروڑوں کا معاہدہ محفوظ رہا تھا۔

دوسری جانب جب انگلینڈ نے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ عین وقت پر ملتوی کیا تو ترش جواب دیا گیا تھا۔

رمیز راجا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ایسا لگتا ہے کہ استعمال کرکے پھینک دیا گیا، کسی نے تحقیر کہا، کسی نے تذلیل کہا کیونکہ دورے سے دست برداری کا کوئی جواب نہیں تھا’۔

ای سی بی کے سربراہ کا دورہ پاکستان مختصر ہوگا کیونکہ رواں ہفتے متحدہ عرب امارات میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیوز کا اجلاس بھی ہوگا۔

ای سی بی کے سربراہ کے دورہ پاکستان کی تصدیق سے قبل ہی کرکٹ آسٹریلیا نے مارچ 2022 میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا تھا جو 24 برس بعد آسٹریلیا کی ٹیم کا پہلا دورہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024