• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

تقریبا دو سال بعد کراچی میں سینما کھل گئے، ہولی وڈ فلمیں پیش

شائع November 8, 2021
نیو پلیکس اور ایٹریم سمیت دیگر سینما کھل گئے—فوٹو: سہام بصیر/ ڈان امیجز
نیو پلیکس اور ایٹریم سمیت دیگر سینما کھل گئے—فوٹو: سہام بصیر/ ڈان امیجز

کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد تقریبا دو سال بعد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سینما کھل گئے اور ابتدائی طور پر ہولی وڈ فلمیں ریلیز کردی گئیں۔

ڈان امیجز میں شائع سہام بصیر کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں واقع نیوپلیکس سینما کھل گیا، جہاں اٹرنلز اور وینوم سمیت دیگر ہولی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں صدر کے علاقے میں موجود ’ایٹریم سینما‘ کو بھی شائقین کے لیے کھول دیا گیا اور ابتدائی طور پر وہاں بھی ہولی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں موجود سینماؤں پر بھی ابتدائی طور پر ہولی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، تاہم جلد ہی وہاں پر مقامی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔

ابھی سینماؤں میں اتنا رش نہیں ہے—فوٹو:  سہام بصیر/ ڈان امیجز
ابھی سینماؤں میں اتنا رش نہیں ہے—فوٹو: سہام بصیر/ ڈان امیجز

کورونا کی پابندیاں ہٹنے کے بعد سینماؤں نے ٹکٹ میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ بھی کیا ہے اور نارمل ٹکٹ 800 روپے تک کا دیا جا رہا ہے، عام طور پر دو سال قبل 500 سے 600 ٹکٹ ہوتا تھا۔

طویل عرصے تک سینماؤں کی بندش کی وجہ سے فوری طور پر لوگوں نے سینماؤں کا رخ نہیں کیا اور تقریبا 75 فیصد سیٹس خالی پڑی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 8 شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت

سینماؤں کے گیٹ پر شائقین کے کورونا ویکسینیشن کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں، تاہم رش نہ ہونے کی وجہ سے باقاعدہ طور پر سماجی فاصلوں کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

کراچی میں ڈیفینس، صدر اور جوہر موڑ سمیت دیگر علاقوں میں جدید اسکرینز کے سینما موجود ہیں، جنہیں چند دن قبل نومبر کے آغاز میں ہی کھولا گیا تھا۔

کراچی کے سینماؤں میں ہولی وڈ فلم اٹرنلز کو دکھایا جا رہا ہے—پرومو فوٹو
کراچی کے سینماؤں میں ہولی وڈ فلم اٹرنلز کو دکھایا جا رہا ہے—پرومو فوٹو

سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے وسط میں کورونا کیسز کی کمی کے بعد سینما کھولنے کی اجازت دی تھی، اس سے قبل 2021 کے آغاز میں بھی حکومت نے سینماؤں کو کھولنے کا حکم دیا تھا مگر اس وقت مالکان نے سینما نہیں کھولے تھے۔

سندھ سے قبل ہی پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں ستمبر کے شروع میں ہی سینما کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ’کھیل کھیل میں‘ آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

پاکستان بھر میں مارچ 2020 سے کورونا کی وجہ سے سینما بند کردیے گئے تھے، جب کہ کچھ ماہ تک فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی۔

متعدد فلم سازوں نے سینما کھلتے ہی اپنی فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سب سے پہلے رواں ماہ 19 نومبر کو فلم ساز نبیل قریشی کی فلم ’کھیل کھیل میں‘ ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

’کھیل کھیل میں‘ کے بعد ’ادھم پٹخ‘ سمیت دیگر چند فلمیں بھی ریلیز کے لیے تیار ہیں اور سال نو کے موقع پر میگا کاسٹ فلمیں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان میں فوری طور پر سینماؤں میں بھارتی فلمیں نہیں دکھائی جائیں گی،کیوں کہ انڈین فلموں کی نمائش پر حکومت پاکستان نے 2019 میں ہی پابندی عائد کردی تھی۔

ویکسینیشن کارڈ دکھانے والوں کو سینما میں آنے کی اجازت دی جا رہے—فوٹو: ڈان امیجز/ سہام بصیر
ویکسینیشن کارڈ دکھانے والوں کو سینما میں آنے کی اجازت دی جا رہے—فوٹو: ڈان امیجز/ سہام بصیر

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025