• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت: مہاراشٹرا کے ہسپتال میں آتشزدگی سے کورونا کے 11 مریض ہلاک

شائع November 6, 2021
بھارت میں رواں برس ہسپتالوں میں آگ لگنے سے درجنوں مریض انتقال کرگئے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
بھارت میں رواں برس ہسپتالوں میں آگ لگنے سے درجنوں مریض انتقال کرگئے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں ایک ہسپتال کے کوروناوارڈ میں آتشزدگی سے کورونا وائرس کے 11 مریض جاں بحق ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ بھارت کی مغربی ریاست میں ہسپتال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کورونا وائرس کے 11 مریض جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: کورونا کے مرکز میں آتشزدگی سے 11 افراد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ آگ بھارت میں کورونا وارڈ میں آتشزدگی کا یہ تازہ واقعہ ہے جبکہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع احمد نگر میں قائم ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگی جہاں اس وقت دو درجن مریض موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں سے اکثر کی عمریں 60 سال سے زائد ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حال ہی میں کورونا کے مریضوں کے لیے بنایا گیا نیا ہسپتال راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔

مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اودھے ٹھاکرے نے ریاستی دارالحکومت ممبئی سے 185 میل دور واقع ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے باقاعدہ تفتیش کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اپریل اور مئی میں بھارت کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوا تھا اور بھارت کے صحت کا کمزور نظام درہم برہم ہوگیا تھا اور کئی ہسپتالوں کے کووڈ وارڈ میں آتشزدگی کے واقعات بھی رونما ہوئے تھے اور کئی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

ریاست گجرات میں رواں برس مئی میں ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے کووڈ-19 کے 19 مریض اور دو نرسیں ہلاک ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارت: عالمی وبا کی سنگین صورتحال کے باعث نظام صحت متاثر، متعدد ہسپتالوں میں آکسیجن ختم

پولیس نے اپنی تفتیش میں کہا تھا کہ ہسپتال کے آئی سی یو میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔

اس سے قبل اپریل میں ممبئی میں ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے کووڈ-19 کے 13 مریض ہلاک ہوگئے تھے۔

ممبئی میں ہی اس کے بعد ایک اور واقعے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح نومبر 2020 میں گجرات کے شہر راج کوٹ کے ایک ہسپتال میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں کوووڈ-19 سے متاثرہ 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس پر بھارتی سپریم کورٹ نے بھی برہمی کا اظہار کیاتھا۔

حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے، آئی سی یو میں موجود 3 مریض موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ دیگر دو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقلی کے دوران جان بر نہ ہوسکے۔

آندھرا پردیش میں اگست 2020 میں کورونا وائرس کے علاج کے مرکز میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ہسپتال میں آتشزدگی سے کووڈ متاثرین ہلاک

سینئر پولیس افسر سرینی رسولو نے بتایا تھا کہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجے وادا کے ہوٹل سوارنہ پیلس میں صبح پانچ بجے آگ لگی اور علی الصبح آگ لگنے کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھی۔

عالمی ادارہ صحت کی ویب سائٹ کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اب تک 3 کروڑ 43 لاکھ 33 ہزار 754 ہوچکی ہے جبکہ 4 لاکھ 59 ہزار 873 متاثرین انتقال کرگئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024