واٹس ایپ میں میسجز ڈیلیٹ کرنے کے فیچر کو زیادہ بہتر بنانے کا فیصلہ
واٹس ایپ میں غلطی سے بھیجے جانے والے پیغامات کو دوسروں کی ونڈو سے ڈیلٹ کرنے کا فیچر کافی عرصے سے دستیاب ہے۔
مگر ڈیلیٹ فار ایوری ون نامی اس فیچر میں ایک خامی ہے اور وہ یہ ہے کہ بھیجے جانے والے میسج کو محدود وقت میں ڈیلیٹ نہ کیا جائے تو پھر کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
یعنی بھیجنے والے اور موصول کرنے والے کے پاس اس پیغام کو غائب کرنے کے لیے ایک گھنٹہ درکار ہوتا ہے۔
مگر کمپنی نے اب اس خامی کو دور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WaBetaInfo کے مطابق میسجنگ ایپ میں ڈیلیٹ فار ایوری ون کے لیے وقت کی حد کو بڑھایا جارہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس فیچر میں میسج کو ڈیلٹ کرنے کے وقت کی حد ختم کی جارہی ہے، یعنی صارف مہینوں پرانے میسجز کو بھی دیگر افراد کی چیٹ ونڈو سے ڈیلیٹ کرسکے گا۔
رپورٹ میں ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا جس میں 3 ماہ پرانے میسج کو ڈیلٹ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ نے 2017 میں اس فیچر کو متعارف کرایا تھا اور اس وقت میسج کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے 7 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔
بعد ازاں 2018 میں یہ وقت ایک گھنٹۃ 8 منٹ 16 سیکنڈ کردیا گیا تھا۔
اب اس فیچر کو متعارف ہونے کے 4 سال بعد وقت کی حد کو ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
مگر یہ سہولت کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگی اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔
ٹیلیگرام اور انسٹاگرام میں پرانی بات چیت کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے کوئی ٹائم لمٹ نہیں۔