• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

’پیسا‘ ایوارڈز کا پنڈال دبئی میں سج گیا، پاکستانی و ترک فنکار پہنچ گئے

شائع November 4, 2021
ایوارڈز تقریب کے لیے دبئی پہنچنے والے فیصل قریشی کی ٹیکسی کو حادثہ بھی پیش آیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ایوارڈز تقریب کے لیے دبئی پہنچنے والے فیصل قریشی کی ٹیکسی کو حادثہ بھی پیش آیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

’پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز‘ (پیسا) 2021 کی رنگا رنگین تقریب کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں پنڈال سج گیا جب کہ فنکار بھی وہاں پہنچ چکے۔

دوسرے پیسا ایوارڈز کی تقریب کل دبئی ’جمیرہ مدینت ایرینا‘ ہال میں ہوگی، جس میں پاکستانی شوبز شخصیات کے علاوہ ترکی اور عرب ممالک کی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

’پیسا‘ ایوارڈز تقریب کے دوران مجموعی طور پر 24 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جائیں گے اور اس بار پہلی دفعہ یوٹیوبرز، ولاگرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور اسٹارز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کی تقریب کہاں منعقد ہوگی؟

کورونا کی وجہ سے گزشتہ سال سینما بند رہنے اور فلمیں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے اس بار فلم کی کیٹیگریز میں نامزدگیاں نہیں کی گئیں۔

اس بار سوشل میڈیا اسٹار و یوٹیوبرز کو بھی نامزد کیا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اس بار سوشل میڈیا اسٹار و یوٹیوبرز کو بھی نامزد کیا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ کل 24 ہی کیٹیگریز کے جیتنے والوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے، تاہم انتظامیہ نے دو اسپیشل ایوارڈز ’گلوبل آئیکون اور یوتھ آئیکون‘ کے ایوارڈز کے ونرز کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے۔

مزید پرھیں: پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کی نامزدگیاں سامنے آگئیں

پیسا انتظامیہ نے ’گلوبل آئیکون‘ کا ایوارڈ گلوکار حسن رحیم جب کہ ’یوتھ آئیکون‘ کا ایوارڈ گلوکار، فلم ساز و موسیقار عمیر جسوال کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

پانچ نومبر کو ہونے والی تقریب میں انتظامیہ ’لائیف اچیومنٹ ایوارڈ 2020‘ کا ایوارڈ بھی دیا جائے گا اور مذکورہ ایوارڈ کسی سینیئر آرٹسٹ کو دیا جائے گا۔

ایوارڈز تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی و ترکی کے اداکاروں سمیت عرب دنیا کے بعض فنکار دبئی پہنچ چکے ہیں جب کہ کچھ آرٹسٹ 5 نومبر کی صبح تک وہاں پہنچ جائیں گے۔

’پیسا‘ ایوارڈز کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ تقریب میں معروف ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں ارطغرل غازی کے جواں سالہ بیٹے عثمان کا کردار ادا کرنے والے اداکار ایمرے بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔

علاوہ ازیں اسی ڈرامے کے اداکار جلال آل اور اداکارہ دیدن بالچن ایدن بھی ایوارڈز تقریب میں شریک ہوں گی۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نامزدگیوں میں کسی بھی ترک اداکار کو ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ ترک شخصیات کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

دوسری جانب ’پیسا‘ ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے دبئی پہنچنے والے اداکار و میزبان فیصل قریشی نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہاں ان کی ٹیکسی کو روڈ حادثہ پیش آیا۔

اداکار نے انسٹاگرام اسٹوری میں حادثے کا شکار ہونے والی ٹیکسی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ خیریت سے ہیں۔

اداکار کی جانب سے حادثے کی ویڈیو شیئر کرنے کے بعد ان کے مداح پریشان دکھائی دیے اور انہوں نے ان کی خیریت و صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024