• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

شاہد آفریدی کی بیٹیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق وضاحت

شائع November 4, 2021
شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی کی عمر 19 برس سے زائد ہے۔
شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی کی عمر 19 برس سے زائد ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے واضح کیا ہے کہ ان کی کسی بھی بیٹی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے اور اس سے متعلق جو بھی خبریں پھیل رہی ہیں وہ غیر مصدقہ ہیں۔

شاہد آفریدی نے 4 نومبر کو اپنی صاحبزادی انشا آفریدی کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا۔

سابق کھلاڑی کے مطابق ان کی پانچوں بیٹیوں میں سے کسی کا بھی کسی بھی سوشل ویب سائٹ یا ایپلی کیشن پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی بیٹیوں کے نام سے بنے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یقین نہ کریں اور انہیں جعلی سمجھتے ہوئے نظر انداز کریں۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بیٹیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق پھیلنے والی خبریں بھی غیر مصدقہ ہیں۔

شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی انشا کے نام سے بنائے گئے جس ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، اسے فروری 2016 میں بنایا گیا تھا اور اس کے 5 ہزار سے زائد فالوورز تھے۔

مذکورہ ٹوئٹر ہینڈل سے 775 ٹوئٹس کی جا چکی تھی اور اسی ہینڈل سے آخری بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی مینز ریکنگ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کے گھر پانچویں بیٹی کی پیدائش

تاہم شاہد آفریدی کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد اب مذکورہ اکاؤنٹ ڈی ایکٹو ہوچکا ہے۔

شاہد آفریدی نے بیٹیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے ایک ایسے وقت میں وضاحت کی ہے جب کہ وہ اہل خانہ سمیت ٹی20 ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے میدانوں سے ہی حال ہی میں ان کی صاحبزادیوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک نو عمر ولاگر لڑکی ان سے فرمائشیں کرتی دکھائی دیں۔

شاہد آفریدی کے ہاں فروری 2020 میں پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
شاہد آفریدی کے ہاں فروری 2020 میں پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

مذکورہ وائرل ویڈیو میں شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی کو ولاگر لڑکی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس میں وہ مزاحیہ انداز میں ولاگر کو بتا رہی ہیں کہ سابق کرکٹر کی بیٹی نہیں بلکہ بہن ہیں۔

شاہد آفریدی کی پانچ بیٹیاں ہیں اور ان کی بڑی صاحبزادی کی عمر 19 برس سے زیادہ ہے، ان کی بیٹیوں کے نام اقصیٰ، انشا عروہ، عجوہ اور اسمارہ ہیں اور ان کے ہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش فروری 2020 میں ہوئی تھی۔

شاہد آفریدی کی شادی نادیہ شاہد سے سال 2000 میں ہوئی تھی، وہ اہل خانہ کے ہمراہ بہت کم ہی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024