• KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:01pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • ISB: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:01pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • ISB: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm

سوناکشی سنہا اور بیٹوں کو نشے کی عادت نہیں، شتروگن سنہا

شائع November 3, 2021
سوناکشی کی کوئی عادت بری نہیں، والد—فائل فوٹو: فیس بک
سوناکشی کی کوئی عادت بری نہیں، والد—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ کے سینیئر اداکار شتروگن سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا اور بیٹوں لو اور کش سنہا کو نشے کی لت نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے ان میں کوئی خرابی دیکھی ہے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق شترو گن سنہا نے حال ہی میں بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات الزام میں گرفتاری اور انہیں تقریبا 4 ہفتوں تک جیل میں رکھنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں میں کوئی خراب عادت نہیں۔

’این ڈی ٹی وی‘ ہندی کو دیے گئے انٹرویو میں شتروگن سنہا نے کہا کہ انسداد منشیات فورس نے بھارت کے سپر اسٹار کے بچے کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے باقی اداکاروں کو ڈرایا ہے اور اسی خوف کی وجہ سے ہی کسی بھی اداکار نے کھل کر شاہ رخ خان کا ساتھ نہیں دیا۔

شتروگن سنہا نے کہا کہ نارکوٹکس فورس کی گرفتاری اور اس کی جانب سے کی گئی تفتیش سمیت بعض ملزمان کے کیے گئے بلڈ ٹیسٹ سے بھی الزامات ثابت نہیں ہوئے جب کہ مذکورہ کیس میں صرف آریان خان کا نام ہی آتا رہا، کسی اور پر اتنا دباؤ نہیں ڈالا گایا۔

ایک سوال کے جواب میں شترو گن سنہا نے کہا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ مکمل انصاف ہونا چاہیے اور اس کے بیٹے کو سپر اسٹار باپ کی اولاد ہونے کی سزا نہیں ملنی چاہیے۔

سینیئر اداکار نے واضح کیا کہ وہ شاہ رخ خان کی حمایت نہیں کر رہے، وہ صرف یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو غلط ہے، اسے سزا ملنی چاہیے اور ہر کسی کے ساتھ انصاف ہو۔

سپر اسٹار والدین کی جانب سے بچوں کی پرورش سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شترو گن سنہا نے کہا کہ ہر کامیاب اور مصروف ترین والد کو کم از کم ایک وقت کا کھانا بچوں کے ساتھ کھانا چاہیے اور ان پر نظر رکھنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کو 25 دن بعد ضمانت مل گئی

شتروگن سنہا نے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں کی پرورش بہترین طریقے سے ہوئی ہے اور اسی وجہ سے ہی ان کے بچوں میں کوئی بری عادت نہیں۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا میں کوئی بری عادت نہیں، نہ وہ نشہ کرتی ہیں، نہ کبھی انہوں نے ان سے متعلق ایسا سنا، نہ دیکھا اور نہ ان کو ایسا پایا۔

شتروگن سنہا کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے لو سنہا اور کش سنہا میں بھی کوئی بری عادت نہیں، نہ انہوں نے ان میں کوئی خراب عادت دیکھی، سنی اور نہ پائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب ان کی پرورش کا نتیجہ ہے کہ ان کے بچے بری عادتوں سے دور ہیں اور وہ ہر والد کو یہ تجویز دیں گے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

مزید پڑھیں: آریان خان 27 دن بعد جیل سے رہا

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے تین اکتوبر کو منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔

آریان خان انسداد منشیات فورس کی تحویل میں رہنے سمیت عدالتی ریمانڈ پر 28 اکتوبر تک جیل میں رہے تھے، جس کے بعد ممبئی ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔

آریان خان کی گرفتاری بھارت میں بڑا اسکینڈل بن گیا تھا اور اس میں سیاستدان اور عام شخصیات بھی کود پڑی تھیں۔

جہاں کئی شوبز شخصیات نے کھل کر شاہ رخ خان کی حمایت نہیں کی تھی، وہیں بعض شخصیات نے بولی وڈ بادشاہ کا ساتھ دیا تھا جب کہ کئی سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں نے بھی ان کا ساتھ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025