والدین کی فلمیں دیکھ کر لگا دونوں بری شخصیات ہیں، سارہ علی خان
بولی وڈ کی ابھرتی سپر اسٹار سارہ علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جب کم عمری میں اپنے والدین کی فلمیں دیکھیں تو انہیں محسوس ہوا کہ ان کی والدہ اور والد انتہائی برے شخص ہیں۔
سارہ علی خان اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی بڑی صاحبزادی ہیں۔
حال ہی میں سارہ علی خان نے ’ہارپر بازار انڈیا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں والدین کی طلاق پر کھل کر بات کرنے سمیت اپنے بچپن اور کم عمری سے متعلق بھی باتیں کی اور یہ بھی بتایا کہ بولی وڈ انڈسٹری میں انہوں نے کس طرح قدم جمائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان نے پہلی اہلیہ کو طلاق کیوں دی؟ بیٹی نے ڈیڑھ دہائی بعد بتادیا
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران والدین کی طلاق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے جدا ہونے پر کوئی تکلیف نہیں ہوئی تھی۔
سارہ علی خان نے والدین کی طلاق کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کے والدین کی شادی ختم ہوئی، اس وقت وہ کم عمر تھیں، تاہم جب تک ان کے والدین ایک ساتھ تھے، انہوں نے کبھی بھی اپنی والدہ کو خوش نہیں دیکھا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے خیال میں ان کی والدہ شادی کے 10 سال تک کبھی کھل کر نہیں ہنسیں ہوں گی۔
سارہ علی خان نے کہا کہ ان کے والدین کی طلاق ہونے پر انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی تھی، کیوں کہ وہ اپنے گھر کے معاملات سے بخوبی آگاہ تھیں اور کم عمری میں ہی سمجھدار بن گئی تھیں۔
ان کے مطابق ایک ایسا گھر جہاں کے افراد ایک دوسرے سے خوش ہونے کے بجائے ایک دوسرے پر بوجھ بن جائے، ایسے میں علیحدگی اور طلاق ہی بہتر فیصلہ ہوتا ہے۔
سارہ علی خان نے کہا کہ والدین کی طلاق کے بعد انہوں نے اپنی ماں کو خوش دیکھا جو کہ ان کا حق تھا۔
ان کے والدین سیف علی خان اور امریتا سنگھ میں 2004 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 1991 میں شادی کی تھی اور دونوں کی عمر میں کافی فرق تھا، امریتا سنگھ شوہر سے زائد العمر تھیں۔
سیف علی خان امریتا سنگھ سے دو بچے بیٹا ابراہیم علی خان اور بیٹی سارہ علی خان ہیں اور اداکارہ اپنے بھائی سے بڑی ہیں۔
طلاق کے 8 سال بعد سیف علی خان نے خود سے 10 سال کم عمر کرینہ کپور سے 2012 میں شادی کی، جن سے انہیں 2016 میں بیٹا تیمور علی خان اور 2020 میں جے علی خان ہوا۔
سارہ علی خان نے میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے بچپن سے متعلق بھی باتیں کیں اور بتایا کہ جب وہ کم عمر تھیں تو انہوں نے اپنے والد کی فلم ’اومکارا‘ اور والدہ کی فلم ’کلیگ‘ دیکھی تو انہیں لگا کہ ان کے والدین واقعی برے شخص ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین نے فلموں میں منفی کردار ادا کیے اور وہ اسکرین پر غلط کام کرتے اور نامناسب زبان استعمال کرتے دکھائی دیے، جس وجہ سے انہوں نے سمجھا کہ ان کے والدین واقعی غلط افراد ہیں۔
سارہ علی خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے جب والدہ کی فلم ’کلیگ‘ دیکھی جس میں وہ ایک فحش ویب سائٹ کی مالکن بنی ہوئی ہیں، تب انہوں نے سوچا کہ حقیقت میں بھی ان کی ماں پورن ویب سائٹ چلاتی ہیں۔
اسی طرح انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے والد کی فلم ’اومکارا‘ دیکھی جس میں وہ نامناسب زبان استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں، تب انہوں نے سوچا کہ ان کے والد حقیقت میں بھی گالم گلوچ والی زبان استعمال کرتے ہیں۔
سارہ علی خان نے انٹرویو کے دوران شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بھی بات کی اور ساتھ ہی میگزین کے لیے فوٹو شوٹ بھی کروایا۔