ہنگو: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 مطلوب دہشت گرد ہلاک
پشاور: ہنگو کے علاقے میں رات گئے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک گروپ سے تھا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ٹیمیں علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کر کے واپس آتے ہوئے جب ہنگو کے علاقے جہازو بندہ پہنچیں تو ان پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: دو حملوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید
حملے کے جواب میں سی ٹی ڈی ٹیم نے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 3 دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ دہشت گرد کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا کو مطلوب تھے۔
بیان کے مطابق دہشت گردوں سے 4 ایس ایم جی، 16 چارجر، 4 بنڈولیر اور سیکڑوں کارتوس برآمد ہوئے۔
علاوہ ازیں سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: کرم میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، دو اہلکار شہید
اس سے قبل 22 اکتوبر کو محکمہ انسداد دہشت گرد نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی تھی جس میں کالعدم تنظیم ’داعش‘ کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
سی ٹی ڈی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ آپریشن شاہ پور کے نواحی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم متعلقہ علاقے میں پہنچی تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 یا 3 اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔