• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رنبیر کپور کے نئے انداز سے مداح حیران

شائع October 31, 2021
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے وسیع پیمانے پر صارفین کی توجہ اداکار کی جانب مبذول کروائی ہے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے وسیع پیمانے پر صارفین کی توجہ اداکار کی جانب مبذول کروائی ہے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جس میں مداح ان کا نیا روپ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے وسیع پیمانے پر صارفین کی توجہ اداکار کی جانب مبذول کروائی ہے۔

اگرچہ رنبیر کپور نے کورونا وائرس کے بعد سے ابھی تک اپنی اگلی فلم کے ساتھ بڑی اسکرین پر واپسی نہیں کی ہے لیکن وہ متعدد ٹیلی ویژن اشتہارات میں کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی دسمبر میں شادی کریں گے؟

حال ہی میں، ایسے ہی ایک کمرشل کے لیے، رنبیر کپور نے ایک خاتون کا کردار ادا کرنے کے لیے خود کو مکمل طور پر ایک خاتون کے روپ میں ڈھالا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رنبیر کپور کرسی پر بیٹھے ہیں اور کئی آرٹسٹ ان کا لُک تبدیل کررہے ہیں۔

اسی ویڈیو میں اداکار کو اپنا فون چیک کرتے، چیونگم چباتے اور ناخنوں کے خشک ہونے کا انتظار کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

میک اپ آرٹسٹ پریتی شل سنگھ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’رنبیر کپور ٹی وی سی کے لیے خاتون کا روپ اختیار کر رہے ہیں’۔

رنبیر کپور کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے مداحوں کی جانب سے انہیں سراہنے کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں ایک زبردست اداکار بھی قرار دیا جارہا ہے جبکہ کچھ کی جانب سے اداکار کو نئے انداز میں ڈھالنے پر میک آرٹسٹ کی بھی تعریف کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر اور ریتیک کو کرداروں کیلئے فی کس 75 کروڑ کی پیش کش

اسی میک اپ آرٹسٹ نے بنٹی اور ببلی 2 میں رانی مکھرجی، سیف علی خان، شروری اور سدھانت چترویدی سمیت کئی فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اور غیر معمولی روپ میں ڈھالنے میں مدد کی ہے۔

خیال رہے کہ رنبیر کپور کرن ملہوترا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم شمشیرا میں نظر آئیں گے جس میں وانی کپور اور سنجے دت بھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

اس کے علاوہ، رنبیر کے پاس 2 دلچسپ پروجیکٹس بھی ہیں جن میں عالیہ بھٹ، امیتابھ بچن اور وانی کپور کے ساتھ آیان مکھرجی کی براہماسترا اور سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں پرینیتی چوپڑا اور انیل کپور کے ساتھ بننے والی فلم ’اینیمل‘ ہے جو اگلے سال دسہرہ پر ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024