لاہور: ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد
لاہور میں این اے-133 میں ضمنی انتخاب کے لیے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کے کورنگ امیدوار دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سےجاری فہرست کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پرویز ملک کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست کے لیے 17 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ 7 امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کر گئے
بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور کورنگ امید وار ان کی اہلیہ مسرت اقبال چیمہ دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئےہیں۔
ریٹرننگ افسر (آراو) سید باسط علی شاہ کے مطابق دونوں امیدواروں کے تجویز کنندہ حلقے کے ووٹر نہیں ہیں اس لیے کاغذات مسترد ہوئے تاہم وہ اس کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ضمنی انتخاب کے لیے پرویز ملک کی اہلیہ شائشہ پرویز کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں، جو منظور ہوگئے۔
یاد رہے کہ 11 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے انتقال کے بعد قومی اسمبلی کی نشست خالی ہوگئی تھی جبکہ ان کی جگہ ان کی اہلیہ کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات: رہنما مسلم لیگ (ن) پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد
پرویز ملک پانچ مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 10 سال سے زائد مسلم لیگ لاہور کے صدر بھی رہے، اس کے علاوہ اس وقت مسلم لیگ (ن) پاکستان کے فنانس سیکریٹری بھی تھے۔
انہوں نے پہلی مرتبہ 1997 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا، اس کے بعد 2002 کے عام انتخابات میں معرکہ مارا، بعدازاں وہ 2010 کے ضمنی الیکشن اور 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔