• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ویسٹ انڈیز سیریز سے قبل 3 خواتین کرکٹرز کورونا کا شکار ہوگئیں

شائع October 28, 2021
اسکواڈ کی دیگر اراکین جمعہ سے 2 نومبر تک آئسولیشن میں رہیں گی — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
اسکواڈ کی دیگر اراکین جمعہ سے 2 نومبر تک آئسولیشن میں رہیں گی — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں کیمپ میں حصہ لینے والی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی 3 اسکواڈ اراکین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کھلاڑیوں کے مثبت ٹیسٹ بدھ کو معمول کی کورونا ٹیسٹنگ کے دوران آئے اور اب وہ 10 روز کا قرنطینہ کا آغاز کر رہی ہیں جو 6 نومبر کو ختم ہوگا۔

اسکواڈ کی دیگر اراکین جمعہ سے 2 نومبر تک آئسولیشن میں رہیں گی جس دوران ان کا روز ٹیسٹ ہوگا تاکہ وائرس کے کسی بھی ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

پی سی بی کے کووڈ 19 پروٹوکولز کے مطابق اسکواڈ کی تمام اراکین، کورونا کے دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد بائیوسیکیور ببل کا حصہ بنی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کرکٹر پرویز اختر کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق

ان اراکین کو مئی میں کورونا ویکسین لگائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم یکم نومبر کو کراچی پہنچے گی اور 8، 11 اور 14 نومبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے گی۔

اس کے بعد دونوں ٹیمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے لیے زمبابوے روانہ ہوں گی۔

کوالیفائنگ راؤنڈ 21 نومبر سے 5 دسمبر تک کھیلا جائے گا جبکہ مرکزی راؤنڈ آئندہ سال نومبر میں منعقد ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں جویریہ خان (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، دیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، ناشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل انگلینڈ کے 3 کرکٹرز، عملے کے 4 اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ویسٹ انڈیز کی مردوں کی ٹیم کا بھی دسمبر میں دورہ پاکستان شیڈول ہے جس میں وہ تین ایک روزہ میچز کھیلے گی جبکہ پی سی بی کا ماننا ہے کہ یہ دورہ خاص طور پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے حالیہ دورے منسوخ ہونے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا دروازہ کھولنے میں مدد دے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024