• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سعودی امدادی پیکج کے اعلان سے ڈالر سستا ہوگیا، روپے کی قدر میں اضافہ

شائع October 27, 2021
سعودی پیکج کے بعد دن کے درمیانی حصے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 173 روپے ریکارڈ کیا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز
سعودی پیکج کے بعد دن کے درمیانی حصے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 173 روپے ریکارڈ کیا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کے اعلان کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 2 روپے 27 پیسے مستحکم ہوئی ہے۔

تاجروں اور بینکرز کے مطابق سعودی پیکج سے ملک کے غیر ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا جو حالیہ چند ماہ سے گراوٹ کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب، پاکستان کیلئے دوبارہ 3 ارب ڈالر کے مالی تعاون پر رضامند

گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ریکارڈ 175.27 روپے پر تھا، مئی سے لے کر اب تک مقامی کرنسی کی قدر تقریباً 13.6 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔

سعودی پیکج کے بعد دن کے درمیانی حصے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 173 روپے ریکارڈ کیا گیا۔

بی ایم اے کیپٹل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعد ہاشمی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ روپے کی قدر میں اضافہ سعودی فنڈنگ سے متعلق اعلان کا نتیجہ ہے، جسے وسیع پیمانے پر ایک مثبت سرپرائز کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو بیرونی اکاؤنٹ کو تقویت دینے کے لیے ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سرمایہ کاری پر منافع میں 17 فیصد کمی

چیس مین ہٹن بینک کے سابق ٹریژری ہیڈ اسد رضوی نے کہا کہ سعودی عرب نے مؤخر ادائیگی پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل فراہم کرنے اور 3 ارب ڈالر کی نقد رقم جمع کرنے پر اتفاق کیا جبکہ آر ای ای آر انڈیکس مسلسل چوتھے مہینے گر کر 95.9 تک پہنچ گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ سعودی عرب نے منگل کے روز پاکستان کو اپنی مالی امداد بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس میں تقریباً 3 ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹ اور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی تیل کی سپلائی کی مؤخر ادائیگیوں پر شامل ہے۔

پاکستان ایک ارب ڈالر کی قسط کے حصول کے لیے گزشتہ دو ہفتوں سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بات چیت کر رہا ہے لیکن اس کا چھٹا جائزہ غیر نتیجہ خیز رہا۔

مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں ’تکنیکی مسائل‘ کے باعث کاروبار عارضی طور پر معطل

ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ سعودی حکومت فوری طور پر ایک سال کے لیے پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر جمع کرے گی اور اسے کم از کم اکتوبر 2023 میں آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل تک برقرار رکھے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا بشمول اب جب دنیا کو اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 2018 میں سعودی عرب نے غیر ملکی کرنسی کی مدد میں 3 ارب ڈالر اور تیل کی درآمدات کے لیے مؤخر ادائیگیوں میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر دیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024